پشاور میں بچوں کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق

واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی، پولیس

تنازع کے حل کے دوران دونوں گروپوں میں بات بگڑی اور فائرنگ شروع ہو گئی ۔ فوٹو: فائل

نواحی گاؤں میرہ سوڈیزئی میں بچوں کی لڑائی کے دوران بڑوں کی فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے نواحی گاؤں میرہ سوڈیزئی کے رہائشیوں محب اللہ اور نور اللہ نامی افراد کے بچوں میں کسی بات پر لڑائی ہوئی جس میں بڑے بھی کود پڑے۔ دونوں گھروں کے افراد کے درمیان تکرار نے خونی تصادم کی شکل اختیار کرلی، نور اللہ اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس کےنتیجے میں ایک بچے سمیت محب اللہ کے 6 گھر والے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کی زد میں آکر کر نور اللہ کا ایک ساتھی بھی ہلاک ہوگیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے گھر کی چھت سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ محب اللہ کا تعلق افغانستان سے تھا جو اپنے گھر والوں کے ساتھ 17 برس قبل پشاور منتقل ہوا تھا۔ دونوں خاندانوں میں گزشتہ کئی ماہ سے تنازع چل رہا تھا۔ علاقے کے عمائدین نے ان میں صلح کرا دی تھی۔

 
Load Next Story