الیکشن 2018پابندی کے باوجود ووٹرز کےلئے بڑے پیمانے پرپبلک ٹرانسپورٹ کی بکنگ

لاہور میں ویگن اور پک اپ وینز کے علاوہ 25 ہزار سے زائدچنگ چی رکشے بک کروالئے گئے

پولنگ ڈے پر امیدوارصرف ٹرانسپورٹ پرہی کروڑوں روپے خرچ کریں گے فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی طرف سے پابندی کے باوجود امیدواروں نے ووٹرز کو گھر سے پولنگ اسٹیشن تک لانے کےلئے بڑے پیمانے پرپبلک ٹرانسپورٹ کی بکنگ کروالی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے پر ووٹرزکو پولنگ اسٹیشن تک لانے کے لیے ٹرانسپورٹ پرپابندی لگارکھی ہے لیکن اس کے باوجود امیدواروں کی طرف سے ٹرانسپورٹ کی بکنگ کروائی گئی ہے ، شہری حلقوں میں پولنگ اسٹیشن تک پیدل رسائی آسان ہوتی ہے تاہم دیہی اورمضافاتی علاقوں میں پولنگ اسٹیشن کافی فاصلے پربنائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ووٹرزکا یہاں تک پہنچنا خاصا مشکل کام ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے امیدوار ووٹر کوگھرسے پولنگ اسٹیشن تک لانے ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی پابندی کی وجہ سے ووٹرزکو پولنگ اسٹیشن سے دوسومیٹر دور اتاردیا جائے گا اوروہاں سے ووٹرپیدل ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن تک پہنچے گا، پولنگ ڈے پرمحکمہ موسمیات نے لاہورسمیت مختلف اضلاع میں بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے ایسی صورت میں ووٹرزکا گھروں سے نکلنا مزیدمشکل ہوگا،بارش کی صورت میں ووٹرزکو چنگ چی رکشے ، پک اپ وین اور ٹویوٹا وین کے ذریعے پولنگ اسٹیشن تک لانا آسان ہوجائے گا۔

چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کے ایک رہنما نے بتایا کہ لاہورمیں اس وقت 51 ہزار سے زائد چنگ چی رکشے ہیں جن میں سے 25 ہزارکے قریب رکشوں کی بکنگ کروائی گئی ہے اسی طرح 4 ہزار سے زائد ٹویوٹا اورپک اپ وین بک کروائی گئی ہیں ، چنگ چی رکشہ کا ایک دن کا کرایہ پٹرول کے علاوہ ایک ہزار روپے سے پندرہ سو روپے تک ہوگا ، اسی طرح پک اپ وین کا کرایہ اڑھائی سے تین ہزار روپے تک اورٹویوٹا وین کا کرایہ ساڑھے تین سے چار ہزار روپے تک ہوگا تاہم پٹرول اورڈیزل الگ سے ہوگا۔


لاہورکے دیہی علاقوں میں کئی چھوٹے ڈیرے اورقصبے ہیں جہاں سے ووٹرزکو دوسے تین کلومیٹرکا فاصلہ طے کرکے ووٹ کاسٹ کرنے جانا ہوگا، امیدواروں کی کوشش ہوگی کہ خواتین اوربزرگوں کو پہلی فرصت میں پولنگ اسٹیشن تک لایا جائے تاکہ وہ اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔

لاہورمیں ایک امیدوارکی طرف سے چنگ چی رکشوں کی بکنگ کروانے والے رانا محمدفیصل نے بتایا کہ ووٹرزکوگھرسے لانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا اس مقصدکے لئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھرگھرجاکرووٹروں کو رکشے اور وین کے ذریعے پولنگ اسٹیشن تک لائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی پابندی اورضابطہ اخلاق کا خیال رکھا جائے گا، الیکشن کمیشن کی حدودمیں کوئی ٹرانسپورٹ نہیں جائے گی البتہ ضعیف اورمعذورافرادکو سہولت ضروردی جائے گی۔

واضح رہے کہ پولنگ ڈے پر امیدوارصرف ٹرانسپورٹ پرہی کروڑوں روپے خرچ کریں گے۔
Load Next Story