پیپلز پارٹی کو سندھ میں بھی سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا
پارٹی قیادت نے قومی اسمبلی کی 50 سے60 نشستوں کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
پیپلز پارٹی آج عام انتخابات میں بھرپور تیاری سے میدان میں اترے گی تاہم پیپلز پارٹی کو اس الیکشن میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں سخت چیلنج کا سامنا ہوگا۔
پیپلز پارٹی قیادت نے ملک بھر سے قومی اسمبلی کی50 سے60 نشستیں حاصل کرنے کا ٹارگٹ رکھا ہے، پیپلز پارٹی کو اس الیکشن میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں سخت چیلنج کا سامنا ہے، پنجاب کی قومی اسمبلی کی 141نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پوزیشن بہت کمزور ہے اور پارٹی کی طرف سے تمام نشستوں پر امیدوار بھی پورے نہیں دیے گئے ہیں۔
پارٹی قیادت نے جنوبی اور وسطی پنجاب سے 10 سے 15 سیٹوں کو ٹارگٹ کر رکھا ہے جو پورا ہوتا نظر نہیں آ رہا، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے پاس ایسے بہت سے امیدوار ہیں جو کامیاب نہ بھی ہوئے تو وہ 25 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے دوسری پارٹیوں اور ن لیگ اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو متاثر کر سکتے ہیں۔