ٹرمپ کی پلے بوائے ماڈل کو رقم کی ادائیگی کی آڈیو گفتگو منظرعام پر آگئی

امریکی صدر کو اسٹارمی ڈینئیلز سے غیر ازدواجی تعلق رکھنے پر بھی تفتیش کا سامنا ہے


ویب ڈیسک July 25, 2018
معروف پلے بوائے ماڈل کیرن میکڈوگل نے امریکی صدر کے ساتھ معاشقے کا دعوی کیا تھا۔ فوٹو : سوشل میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کے وکیل مائیکل کوہن کے درمیان 'پلے بوائے ماڈل' کیرن میکڈوگل کو خاموش رہنے کے لیے معاوضہ دینے کی آڈیو گفتگو میڈیا کو موصول ہوگئی ہے۔

امریکی چینل سی این این نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کے اٹارنی مائیکل کوہن کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے جس میں امریکی صدر اپنے وکیل مائیکل کوہن کو معروف پلے بوائے ماڈل کیرن میکڈوگل کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کر رہے تھے جس کے عوض ماڈل امریکی صدر کے ساتھ جنسی تعلق کے معاملے پر خاموش رہیں گی۔

یہ آڈیو ٹیپس چند ماہ قبل امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے نیو یارک میں مائیکل کوہن کے گھر چھاپے کے دوران برآمد کی تھیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ٹیپ نومبر 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے دو ماہ قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماڈل کیرن میکڈوگل نے امریکی صدارتی انتخاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاشقے کا دعوی کیا تھا۔ ماڈل نے اپنے ' معاشقے کی کہانی' ایک جریدے نیشنل انکوائرر کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر میں فروخت کی تھی جس کے مالک ٹرمپ کے قریبی دوست تھے۔ ٹرمپ کے کہنے پر اخبار کے مالک نے یہ کہانی نہیں چھاپی۔

ماڈل اپنی کہانی کے حقوق فروخت کر چکی تھیں اس لیے یہ کہانی اب کسی اور جریدے میں چھپ نہیں سکتی تھی اور نہ ہی وہ امریکی صدر سے اپنے مبینہ معاشقے کے بارے میں کھلے عام بات کر سکیں گی۔ کہا جا رہا ہے کہ دراصل ماڈل کی کہانی کو امریکی صدر نے اپنے دوست کے ذریعے خود خریدا تھا۔

واضح رہے ماڈل کیرن میکڈوگل کے معاشقے سے قبل صدر ٹرمپ پورن اسٹار اسٹارمی ڈینئیلز کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے معاملے پر بھی مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ تاحال اسٹارمی اسکینڈل سے نکل نہیں پائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں