انتخابات میں دہشت گردی پر یورپی مبصرین کا اظہار تشویش

سیاسی جماعتوں کیخلاف کارروائیاں جمہوریت کیلیےخطرہ ہیں، انکے انتخابات پرگہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، سربراہ مائیکل گلہر.

پرامن انتقال اقتدارپاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی،میڈیا سے گفتگو، 140 یورپی مبصرین پاکستان میں عام انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں. فوٹو: اے ایف پی

SHARANA:
یورپی یونین مبصر مشن کے سربراہ مائیکل گلہر نے پاکستان میں انتخابات کے روز دہشت گردی اور تشدد کے واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ریاستی عناصر کی مخصوص سیاسی جماعتوں کیخلاف کارروائیاں جمہوریت کیلیے خطرہ ہیں،وہ ہفتے کو میڈیاسے گفتگو کررہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تشدد کے واقعات باعث تشویش ہیں اور ان کے انتخابات پرگہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پر امن انتقال اقتدار پاکستان کی بڑی کامیابی ہو گی۔ دریں اثنا یورپی یونین کا انتخابی مبصر مشن انتخابات کی تکمیل کے بعد (آج) اتوار کو اپنی ابتدائی جائزہ رپورٹ پیش کریگا۔


یورپی یونین کے انتخابی مبصر مشن کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ مائیکل گاہلر ایک پریس کانفرنس میں ہفتے کو ہونیوالے عام انتخابات کے بارے میں اپنی ابتدائی جائزہ رپورٹ میڈیاکے سامنے پیش کرینگے۔ یورپی یونین نے حکومت پاکستان کی دعوت پر گزشتہ ماہ اپنا مبصر مشن پاکستان متعین کیا تھا جو یورپی ممالک کے 100 سے زائد ماہرین پر مشتمل ہے۔

یہ مبصرین پنجاب،سندھ اور خیبر پختونخوا میں متعین ہیں تاہم بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب کوئی یورپی مبصر تعینات نہیں کیا گیا۔ ایک سوال پر یورپی مبصر مشن کے سربراہ نے کہا کہ پرامن انتقال اقتدار پاکستان کی بڑی کامیابی ہو گی یورپی یونین کے 140 مبصرین پاکستان میں عام انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
Load Next Story