آرٹی ایس سسٹم میں خرابی کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہوئی الیکشن کمیشن

انتخابات سو فیصد صاف اور شفاف ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر


ویب ڈیسک July 26, 2018
انتخابات سو فیصد صاف اور شفاف ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

ڈائریکٹر الیکشنز ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم میں کنفیوژن کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہوئی تاہم جلد ہی الیکشن کے نتائج جاری کردئیے جائیں گے۔

ڈائریکٹر الیکشنز ندیم قاسم نے الیکشن نتائج میں تاخیر کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک نتائج آر اوز کے پاس نہیں آئیں گے اور وہ دستخط کر کے ہمیں نہیں دیتے الیکشن کمیشن نتائج جاری نہیں کرے گا، آر او صاحبان کے پاس 90 فیصد نتائج پہنچ چکے ہیں اور جلد ہی الیکشن کے نتائج جاری کردئیے جائیں گے۔

ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ آرٹی ایس کنفیوژن کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہوئی، آرٹی ایس کے ذریعے ہی فارم 45 ٹرانسمٹ ہورہا ہے جب کہ ہم نے ابھی تک کوئی رزلٹ نہیں دیا یہ میڈیا ہاوسز کی طرف سے رزلٹ اناؤنس کئےگئے۔

دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ کوئی سازش نہیں کی جارہی، نتائج روکے نہیں جارہے بلکہ ابھی تیار ہی نہیں ہوئے، نتائج میں تاخیر کی وجہ آر ٹی ایس کا لوڈ برداشت نہ کرنا ہے، آر ٹی ایس کے تحت فارم 45 بڑی تعداد میں نہیں مل سکے جب کہ تمام پریزائیڈنگ آفسران کو ہدایات کی ہیں کہ آر او آفس پہنچ کر نتائج جمع کرائیں، آدھے پونے گھنٹہ تک نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔

ادھر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کا کہنا تھا کہ قوم کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کی اور ان تمام اداروں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے جمہوری عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتائج میں تھوڑی سی تاخیر پر فسانے بنادیے گئے جب کہ آرٹی ایس کے استعمال میں دشواریوں کے باعث نتائج میں تاخیر ہوئی لیکن یہ انتخابات سو فیصد صاف اور شفاف ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں