ملک بھر میں پائن و دیگر اسمگل شدہ سگریٹس کی فروخت جاری

ایف بی آر نے پابندی عائد، فروخت پر5 سال قید،50 ہزار روپے جرمانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

ایف بی آر نے پابندی عائد، فروخت پر5 سال قید،50 ہزار روپے جرمانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ فوٹو: فائل

کراچی سمیت ملک بھر میں پائن و دیگر برانڈز کے سگریٹ کی فروخت کھلے عام جاری ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ملک بھر کے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو کورین اسمگل شدہ پائن و دیگر اسمگل شدہ سگریٹ فروخت نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی مگر جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث یہ سگریٹ بیشتر دکانوں اور کیبن پر کھلے عام فروخت کیے جارہے ہیں جس سے حکومت کو ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب خلاف ورزی کرنے والے ہول سیلرز و ریٹیلرز بھی ممنوعہ برانڈز کے سگریٹس پر لین دین اور ملی بھگت سے فروخت کیلیے آزاد ہیں، جس سے ایف بی آر و دیگر محکموں کے اہلکارو افسران ذاتی ریونیو بڑھا رہے ہیں۔




اگر یہی ریونیو جرمانوں کی صورت میں حاصل کیا جائے تو حکومت کو خاطر خواہ آمدنی ہوسکتی ہے۔ یاد رہے ان سگریٹس پر ٹیکس اور ڈیوٹی ادا نہیں کی جاتی، نہ ہی ان پر وزارت صحت کی ہیلتھ وارننگ شائع ہے۔ ایف بی آر نے ان سگریٹس کی فروخت پر 5 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد اور تمام سگریٹ ضبط کر لینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران کی ملی بھگت کی نظر ہوگیا۔
Load Next Story