برطانیہ روانگی چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستانی کرکٹرز آج یکجا ہونگے

ماضی کے تلخ تجربات کے پیش نظر پلیئرز کو دوبارہ ضابطہ اخلاق کا سبق دیا جائیگا، دورئہ آسان نہیں، حریف ٹیموں کے۔۔۔


Sports Reporter May 13, 2013
قومی پلیئرز مصباح الحق کی قیادت میں آج رات تین بجے براستہ دبئی اسکاٹ لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے، ٹیم آئرلینڈ سے بھی2 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے قومی کرکٹ ٹیم پیر اور منگل کی درمیانی شب آج بیرون ملک روانہ ہوگی، اسپاٹ فکسنگ سمیت کسی بھی بڑے تنازع سے بچنے کے لیے پی سی بی کا تھنک ٹینک پیر کو کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کا آخری سبق یاد کروائے گا۔

ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ دورئہ انگلینڈ آسان نہیں ہے، حریف ٹیموں اور انگلش میڈیا دونوں کے ساتھ بیک وقت لڑنا پڑے گا، تاہم تمام چیلنجز کا احسن طریقے سے مقابلے کرنے کے فن سے بخوبی آگاہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی شاہین اپنی اڑان پیر اور منگل کی درمیان شب بھریں گے، میگا ایونٹ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑی اور آفیشلز پیر کو دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اکٹھے ہوں گے جہاں سے وہ رات ایک بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے اور 2 گھنٹے کے بعد براستہ دبئی اسکاٹ لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔

بیرون ملک جانے والے میں کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، عمران فرحت، ناصر جمشید، کامران اکمل، مصباح الحق(کپتان)، شعیب ملک، اسد شفیق، سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، اسد علی، وہاب ریاض، عمر امین، عبدالرحمن اور احسان عادل جبکہ ٹیم منیجمنٹ میں ڈیو واٹمور چیف کوچ، محمد اکرم بولنگ کوچ، جولین فاؤنٹین فیلڈنگ کوچ، نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر، سیکیورٹی منیجر کرنل وسیم، اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم و دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی6جون سے17جون تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔میگا ایونٹ کا حصہ بننے سے پہلے مصباح الحق الیون اسکاٹ لینڈ اورآئرلینڈ کے خلاف 2، 2 میچز کی سیریز کھیلے گی اور اس کے بعد آئی سی سی ایونٹ میں قومی ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ 7 جون کو ویسٹ انڈیز سے کھیلے گی، چیمپئنز ٹرافی میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج حاصل کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایبٹ آباد کے پرفضا مقام پر فوجی انداز میں سخت ٹریننگ کی۔



6 روزہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے جہاں جاوید میانداد، وسیم اکرم سمیت دوسرے کوچز سے بھر پور ٹریننگ حاصل کی وہاں2 پریکٹس میچز بھی کھیلے۔اس دوران کھلاڑیوں کو دو روز تک ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچرز بھی دیے گئے۔ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک روانگی سے قبل کھلاڑیوں کو نظم وضبط اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے پھر باور کرایا جائیگا، ''ایکسپریس''سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ کھلاڑی پیر کی دوپہر دو بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہوں گے جس کے بعد انہیں نظم وضبط سمیت متعدد امور کے بارے میں بتایا جائے گا، انھوں نے مزید کہاکہ ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ دورئہ انگلینڈ آسان نہیں بلکہ خاصا ٹف ہے، ہمیں بیک وقت دومحاذوں پر لڑنا پڑے گا، ایک تو ہمیں گراؤنڈز میں مضبوط حریف ٹیموں کے ساتھ لڑنا پڑے گا جبکہ ہمارا دوسرا مقابلہ انگلش میڈیا کے ساتھ ہوگا تاہم تمام چیلنجز اور مشکلات کا احسن طریقے سے مقابلے کرنے کے فن سے بخوبی آگاہ ہیں۔

قومی ٹیم منیجر نے کہا کہ گوایبٹ آباد میں کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو 2 روز تک ڈسپلن اورآئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ پر خصوصی لیکچرز دیے گئے جس میں پلیئرز پر واضح کر دیا گیا تھا کہ گوروں کے دیس میں نظم وضبط کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی بلکہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کی پرواہ کیے بغیر ڈسلپن توڑنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے ساتھ ایک بارخصوصی نشست رکھوں گا جس میں انہیں بتاؤں گا کہ انگلینڈ میں قیام کے دوران کسی بڑے تنازع سے کیسے بچنا ہے، کہاں جانا ہے اور کہاں نہیں جانا، مجھے پورا یقین ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ مثالی ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی دوروں پر کھلاڑی ملکی سفیر ہوتے ہیں، کوشش ہوگی کہ کھلاڑی ایسے اچھے نظم وضبط کا مظاہرہ کریں کہ جس سے پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو۔ایک سوال پر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں