ڈوپ سے راہ فرارپر 6 بھارتی ریسلرز میڈلز سے محروم

معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھیج دیا، انکوائری مکمل ہونے پر فیصلہ دیں گے، ڈبلیو ایف آئی


Sports Desk May 13, 2013
معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھیج دیا، انکوائری مکمل ہونے پر فیصلہ دیں گے، ڈبلیو ایف آئی. فوٹو فائل

لاہور: بھارت کے 6 جونیئر ریسلرز سے ڈوپ ٹیسٹ سے راہ فرار اختیار کرنے کے بعد ان کے جیتے گئے میڈلز واپس چھین لیے گئے۔

ان تمام کے سیمپلز حالیہ دنوں میں منعقد ہونے والی جونیئر نیشنل چیمپئن شپ کے دوران لیے جانا تھے جس کیلیے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیوایف آئی ) نے ناڈا سے درخواست کی تھی، لیکن چندی گڑھ میں 9 سے 12 مئی تک منعقدہ ایونٹ میں میڈلز فاتحیں سمیت چھ ریسلرز نے حکام کو سیمپلز دینے سے گریز کیا اور وینیو سے چلے گئے، راہ فرار اختیار کرنے والے ان چھ ریسلرز میں مدھیہ پردیش کے 84 کے جی میں حصہ لینے والے گریکو رومن ریسلر راہول پال بھی شامل ہیں، ان کے علاوہ دہلی کے امیت نے بھی ٹیسٹ دینے سے گریز کیا، انھوں نے 74 کے جی کیٹیگری میں حصہ لیا تھا، چندی گڑھ کے سندیپ بھی بھاگ جانے والوں میں شامل رہے، انھوں نے 60 کے جی کیٹیگری میں شرکت کی تھی، چندی گڑھ کے سنیل کمار ( 120کے جی )فری اسٹائل کیٹیگری کے انوپ (84 کے جی ) اور منجیت ( 84کے جی ) بھی شامل ہیں۔



آخرالذکر دونوں ریسلرز کا تعلق ہریانہ سے بتایاگیا ہے، تاہم ڈوپ ٹیسٹ کیلیے سیمپلز دینے سے ناکامی پر ان تمام سے جیتے گئے میڈلز اور تصدیقی اسناد واپس لے لی گئی ہیں،حکام کے مطابق ان تمام جونیئرریسلرز کا معاملہ اب ڈبلیو ایف آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھیجا جائیگا تاکہ اس معاملے کی ضروری انکوائری کی جاسکے، انڈین باڈی کے سیکریٹری جنرل راج سنگھ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم انکوائری مکمل ہونے کے بعد اس معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں