میڈرڈ ٹینس سرینا ولیمز نے سنگلز ٹائٹلز کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی

مینز فائنل میں رافیل نڈال نے واورینکا کو ہرادیا، مینز ڈبلز ٹرافی پر امریکی برائن برادرز کا قبضہ،ویمنز۔۔۔


AFP/Sports Desk May 13, 2013
میڈرڈ ویمنز ٹینس سنگلز کی فاتح سرینا ولیمز اور رنر اپ ماریا شراپووا ٹرافیاں تھامے ہوئے، روسی اسٹار کی امریکی پلیئر کے ہاتھوں یہ لگاتار 12ویں ناکامی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

COLOMBO: امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے میڈرڈ ماسٹرز کے فائنل میں کامیابی کی بدولت سنگلز ٹائٹلز جیتنے کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی۔

یہ ورلڈنمبرون کے کیریئر کا 50واں انفرادی اعزاز ہے، روسی حریف ماریا شراپووا پر حاصل بالادستی قائم رہی، روسی حریف 2004 سے اب تک ہونے والے درجن بھر مقابلوں میں ایک بھی مرتبہ سرینا کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوپائی ہیں، مینز ٹرافی رافیل نڈال نے اپنے نام کرلی، ویمنز ڈبلز میں روس کی اناستاسیا پاولینچکووا اور لوسیاہارڈیکا نے کامیابی حاصل کی جبکہ مینز ڈبلز میں امریکی برائن برادرز باب اور مائیک نے میدان مارلیا۔

تفصیلات کے مطابق میڈرڈ ماسٹرز ٹینس میں بھی ماریا شراپووا نے امریکی پلیئر سرینا ولیمز کو زیر کرنے کا موقع کھودیا، ورلڈ نمبرون کھلاڑی نے 6-1،6-4 سے فائنل جیت کر کیریئر کی 50ویں سنگلز ٹرافی اپنے نام کرلی، اس طرح سرینا کے ہاتھوں ماریا کی لگاتار شکستوں کا سلسلہ12میچز تک دراز ہوگیا، اس کامیابی کے بعد سرینا ولیمز آئندہ چند دنوںمیں شروع ہونے والے سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن میں بھی میدان مارنے کیلیے زیادہ پراعتماد ہوگئی ہیں، ریڈ کلے پر انھوں نے اب تک آخری مرتبہ 2002 میں ٹائٹل جیتا ہے، واضح رہے کہ گذشتہ برس میڈرڈ ماسٹرز میں روایتی اورنج مٹی کی بجائے بلو رنگ کو جگہ دی گئی تھی، تاہم پلیئرز کے اعتراضات کے نتیجے میں اس برس ایونٹ اپنے روایتی ریڈ کلر میں مکمل کیاگیا، سرینا نے کہاکہ میں میڈرڈ میں ٹائٹل جیتنے کے بعد اپنے کھیل کو درست سمت میں محسوس کررہی ہوں۔



انھوں نے مزید کہاکہ کورٹ فرنچ اوپن کی طرح ہی تھے اور اس سے ہمیں رولینڈ گیروس ایونٹ کی تیاری میں خاصی مدد ملے گی، میں روم ماسٹرز اور پھر اس کے بعد فرنچ اوپن میں حصہ لینے کیلیے پوری طرح تیارہوں، اس کامیابی کے ساتھ ہی ورلڈ رینکنگ میں سرینا ولیمز کی ٹاپ پوزیشن کو بھی لاحق فوری خطرہ ٹل گیا، دوسری جانب ماریا ایک مرتبہ پھر 15 ٹائم کی گرینڈ سلم چیمپئن سرینا کیخلاف متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہیں، پہلے سیٹ میں سرینا نے ابتدائی چاروں گیمز جیت لیے جس سے ماریا کی سست روی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، تاہم ماریا نے خود اس کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ فائنل میں مجھے ردھم پانے میں کچھ وقت لگا، لیکن سرینا جیسی حریف کے سامنے کوئی بھی غلطی آپ کو دوبارہ موقع نہیں دیتی، وہ بہت زیادہ پراعتماد دکھائی دے رہی تھیں، تاہم انھوں نے اس تاثر کو رد کردیا کہ سرینا کی نمبرون پوزیشن پانے پر دھیان دینے کی وجہ سے وہ کچھ دباؤ کا شکار ہوئیں۔

روسی پلیئر نے دوسرے سیٹ میں کچھ ہمت دکھائی اور پہلے گیم میں سرینا کی سروس بریک کی اور ایک مرحلے پر 3-1 کی سبقت بھی لے لی تھی لیکن اس کے بعد سرینا نے اپنے جاندار گراؤنڈ اسٹروکس کی بدولت شراپووا کو پیچھے دھکیل دیا اور باسانی مزید دو گیمز جیت کر ماریا کی برتری کو ختم کرڈالا۔مینز ٹرافی میچ میں رافیل نڈال نے سوئس حریف اسٹینسلس واورنیکا کو 6-2،6-4 سے مات دے دی، اس سے قبل دوسرے سیمی فائنل میں واورنیکا نے چھ سیڈ ٹوماس بریڈیچ کو6-3،4-6 اور6-4 سے ہرادیا۔مینز ڈبلز میں امریکی برائن برادرز باب اور مائیک نے اجارہ داری قائم کردی، انھوں نے فائنل میں آسٹریا کے الیگزینڈر پیا اور برازیل کے برونو سواریس کو 6-2،6-3 سے زیرکرلیا۔ویمنز ڈبلز ٹرافی روس کی اناستاسیا پاولینچنکووا اور جمہوریہ چیک کی لوسیا ہارڈیکا نے اپنے قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں زمبابوین پلیئر کارا بلیک اور نیوزی لینڈ کی مارینا ایراکووک کو 6-2،6-4 سے ہرادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں