بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد عمران خان بھارت مخالف نہیں پرویز مشرف

مجھے نہیں لگتا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے کیونکہ پنجاب میں تحریک انصاف نہیں جیت پائی، سابق صدر


News Agencies July 27, 2018
مجھے نہیں لگتا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے کیونکہ پنجاب میں تحریک انصاف نہیں جیت پائی، سابق صدر۔ فوٹو: فائل

 

سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے جب کہ عمران خان بھارت مخالف نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا نے جہاں پاکستانی انتخابات پر کئی منفی خبریں شائع کیں وہیں عمران خان کی جیت کے بعد بھی اس نے اپنی روایت برقرار رکھی اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا تاہم سابق صدر پرویز مشرف نے بھارتی میڈیا میں عمران خان کا بھرپور دفاع کیا۔

بھارتی صحافی زکا جیکب سے بات کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے عمران خان کی سیاست، ان کے نظریات اور تجربے پر بات کی۔ جب پرویز مشرف سے سوال کیا گیا کہ عمران خان بھارت سے نفرت کرتے ہیں اور وہ ہندوستان مخالف بیانات دیتے رہتے ہیں تو سابق صدر نے بھارتی صحافی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں سے انڈین میڈیا عمران خان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے، کچھ بھارتی میڈیا ایسی من گھڑت خبریں چلا رہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آتے ہی ہندوستان کو ان کی غلطیوں کی سزا دیں گے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی بھارت سے نفرت کا اظہار کیا نہ ہی وہ ہندوستان مخالف ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں پرویز مشرف نے کہا کہ آج تک اگر پاکستان ترقی نہیں کرسکا تو اس کی وجہ بھی بھارت ہی ہے۔

سابق صدر نے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے کیوں کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں ابھی بھی تحریک انصاف نہیں جیت پائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔