مون سون بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کی ہدایت

ضلع میں مشینری،افرادی قوت اور سہولتوں کی رپورٹ مرتب کی جائے،ہاشم رضا


Staff Reporter May 13, 2013
کنٹونمنٹ انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی بنائی جائیگی،ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور تمام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

ہر ضلع کی مشینری، افرادی قوت اور دیگر سہولیات کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی جائے تاکہ ضرورت کے مطابق مزید سہولیات کی فراہمی کیلیے اقدامات کیے جاسکیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے رین ایمرجنسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو،سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ڈاکٹرشوکت زمان، ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے میونسپل کمشنرز، کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والی تیز بارش کے فوری بعد میونسپل سروسز کا عملہ اور مشینری حرکت میں آگئے تھے اوربارش کا پانی سڑکوں سے صاف کیا گیا تھا، مون سون کی بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع کے میونسپل کمشنرز ،چیف انجینئرز اور تمام متعلقہ عملے کو رین ایمرجنسی کیلیے دستیاب وسائل تیار حالت میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ،انھوں نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز شہر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی ،کلوٹ کی مرمت اور انڈرپاسز میں نکاسی آب کے کاموں پر بھرپور توجہ دیں تاکہ بارشوں میں شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز ضلعی میونسپل کمشنرز اپنے علاقوں میں ان مقامات کی نشاندہی بھی کریں جہاں ماضی میں برساتی پانی کھڑا ہوتا رہا ہے تاکہ ان مقامات پر خصوصی توجہ دی جاسکے۔



انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بارشوں میں کنٹونمنٹ بورڈز کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی ناقص صورتحال دیکھنے میں آئی جس کی بڑی وجہ ان کے پاس افرادی قوت اور مشینری کی کمی ہے، اس سلسلے میں کنٹونمنٹ کے علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے لیے بہتر انتظامات کے حوالے سے کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کے ساتھ بھی مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی ،انھوں نے کہا کہ محکمہ میونسپل سروسز شہر کے 10 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرچکا ہے اور بقیہ نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔

جبکہ پانچوں ڈی ایم سیز کی حدود میں واقع چھوٹے نالوں کی صفائی ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہے لہٰذا تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز ہنگامی بنیادوں پر فوراً ان نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیں تاکہ مون سون کی بارشوں سے قبل چھوٹے نالوں کی مکمل صفائی ستھرائی کی جاسکے اور بارش کے پانی کے بہاؤ میں کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہ رہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بلاتفریق پورے سال اسپرے مہم جاری رہتی ہے تاہم مون سون کی بارشوں کے ساتھ ہی شہر بھر میں ملیریا اور ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے کیلیے اس مہم میں تیزی لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں