پنجاب میں تحریک انصاف کی ہی حکومت ہوگی نعیم الحق

قومی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریت ہمارے ساتھ ہے، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک July 27, 2018
حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، نعیم الحق فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہماری ہی حکومت ہوگی اور مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن میں بیٹھنا ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی ہے، قومی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریت تحریک انصاف کے ساتھ ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت نہیں کرسکے گی، صوبے میں حکومت ہم ہی بنائیں گے اور (ن) لیگ کو اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے گا۔ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے بہت سی جماعتوں سے الحاق کے آپشن موجود ہیں، اس کے علاوہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والوں سے بھی رابطے میں ہیں تاہم حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

'' الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل میں کمزوریوں کو دورکریں گے ''


انتخابی نتائج میں دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ 2013 نہیں 2018 ہے عوام کی رائے کھل کر سامنے آ گئی ہے، اگر کہیں دھاندلی کے الزامات ہیں تو ہم ان کی تحقیقات کرانے کے لیے تیار ہیں۔ ہم الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل میں کمزوریوں کو دورکریں گے۔

دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں خیبر پختونخوا سے آگے ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کےطول و عرض میں شاندار اسپتال بنائے ہیں،صوبے بھر میں 19 یونیورسٹیاں بنائی گئیں، پوری قوم اور بالخصوص پنجاب میں لوگوں نے بھرپور ووٹ دیے۔ ہماری کارکردگی کی وجہ سے عوام نے ہمیں ووٹ دیے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، ہماری جماعت کی صوبائی اسمبلی میں 129 نشستیں ہیں۔

'' جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں ''


حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، تمام تر تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے کیونکہ جمہوریت میں خرابی کا علاج ہے اور جمہوریت۔ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم اپوزیشن میں بیٹھ رہے ہیں، 2013 میں نواز شریف نے عمران خان کے مینڈیٹ کا احترام کیا اور انہیں خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا۔ پاکستانی قوم کو چیلنجز کا سامنا ہے۔

'' جمہوری روایات کا احترام کیا جائے ''


مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی گاڑی کو ہم آہنگی کے ساتھ آگے لے کر چلیں، ہمیں اقتدارکی ہوس نہیں لیکن جمہوری اقدار کا خیال رکھا جانا چاہیے، تمام آئینی اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی، جمہوری روایات کا احترام کیا جائے کیونکہ ہماری 129 سیٹیں ہیں۔ ہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) سے بھی بات کریں گے۔ اگر روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

عمران خان کی تقریر سے متعلق سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں باتیں بہت اچھی تھیں لیکن عمل کرنا پڑے گا۔ ہم دیکھیں گے عمران خان اپنی باتوں پر کتنا عمل کرتے ہیں۔ ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا پڑا اس کو ایکسپوز کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں