دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کے کراچی اور لاہور میں دھرنے

تمام حلقوں پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، عارف علوی کا کراچی میں خطاب


پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کراچی اور لاہور میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کیخلاف بینر اور جھنڈے اٹھے احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی اور لاہور میں انتخابی دھاندلیوں کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی اور لاہور میں احتجاجی دھرنے شروع کر دیے۔

کراچی میں اتوار کی شب تین تلوار چورنگی پر احتجاجی ریلی اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے مطالبہ کیا ہے کہ پورے کراچی میں دوبارہ انتخابات کرائیں جائیں، کراچی پر قبضہ کرنے والوں کو اب اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، چیف جسٹس کراچی میں انتخابات میں دھاندلیوں اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں۔ انھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔۔ اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے رہنماعلامہ صادق نقوی، ثمر علی خان، اشرف قریشی، سرور راجپوت، اسرار عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ان رہنمائوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کراچی میں تحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستوں کو چھینا گیا ہے، ٹھپہ مافیا نے کراچی کے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے، گذشتہ کئی دہائیوں سے کراچی کے مینڈیٹ کے دعویداروں نے ایک بار پھر انتخابات میں دھاندلیاں کیں اور کراچی کے کم و بیش تمام حلقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کو یرغمال بنایا گیا، ہم نے انتخابات سے ایک ماہ قبل ہی اپنے خدشات سے الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو آگاہ کردیا تھا اور فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ قبل ازیں تحریک انصاف ، جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام (ف ) اور دیگر جماعتوں کے تحت الیکشن کمیشن کراچی اور سائٹ کے دفاتر باہر بھی احتجاج کیا گیا ۔ تحریک انصاف کی این اے240 کی امیدوار نازبلوچ نے مظاہرین سے خطا ب میں کہا کہ اس حلقے سے وہ کامیاب ہوچکی ہیں مگر ایک سیاسی جماعت کے کہنے پر انکے حلقے کے نتائج تبدیل کیے جارہے ہیں ۔



این اے 125لاہور میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج رات گئے تک جاری رہا،رات گئے تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق بھی احتجاج میں شامل ہوگئے،احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کی جانب سے انتخابات کے دوران دھاندلی کی گئی ہے اس لیے حلقے میں دوبارہ الیکشن کروائیں جائیں۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی،اس دوران ن لیگ کے کارکن ریلیوں اور ٹولیوں کی شکل میں لالک چوک آتے رہے اور نعرے بازی کرنے کے بعد واپس لوٹتے رہے،سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایس ایس پی آپریشن راناعبدالجبار نے لالک چوک کادورہ کیا،رات گئے تک احتجاج کا سلسلہ جاری تھا،کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی لالک چوک موجود تھی۔

قبل ازیں ڈیفنس کے علاقہ لالک چوک میں تحریک انصاف کے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا جس سے متعدد کارکن زخمی ہوگئے۔ادھر عمران خان نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس احتجاج کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کارکنوں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئی گھنٹے طویل احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے کے شرکاء نے دھاندلی کیخلاف شدید نعرے بھی لگائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں