ایشیا کپ اے سی سی شیڈول پر بھارتی اعتراض سے لاعلم

 تبدیلی کا امکان مسترد ، باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی،میڈیا سے پتا چلا

اعلان سے قبل بورڈز سے مشاورت اور شرکت کی تصدیق کرائی گئی،آفیشل۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

بھارتی اعتراض سے لاعلم ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی تاریخوں میں تبدیلی کا امکان مسترد کردیا۔

یواے ای میں شیڈول ایشیا کپ کا آغاز 15ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچ سے ہوگا، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا19 ستمبر کو طے ہے، اس سے ایک روز قبل بھارتی ٹیم کو کسی کوالیفائر کے مقابل بھی ہونا ہوگا، بغیر کسی وقفے کے2میچز رکھے جانے پر بی سی سی آئی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں تبدیلی کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

ایک سینئر عہدیدار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایشیا کپ کا شیڈول احمقانہ ہے، بھارتی ٹیم کو پاکستان کے مقابل ہونا ہوگا جسے2 روز آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ شیڈول کو لازمی طور پر تبدیل کیا جائے، سابق اوپنر وریندرسہواگ نے تو بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ میں شرکت ہی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا،اس حوالے سے رابطے پر اے سی سی نے واضح کیاکہ بی سی سی آئی نے شیڈول کے بارے میں کوئی باضابطہ شکایت نہیں کی۔


''ایکسپریس نیوز'' سے بات چیت کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہمیں بھی میڈیا سے ہی معلوم ہوا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف میچ سے قبل آرام نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، باقاعدہ طور پر کسی نے رابطہ نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں ہورہا ہے،شیڈول کا اعلان کرنے سے قبل ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کرکٹ بورڈز سے مشاورت کی گئی تھی،ان کی تصدیق کے بعد ہی یہ مرحلہ مکمل کیا گیا۔

ایشیا کپ کے تمام مقابلوں میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا جائے گا

ایشیا کپ میں شرکت کیلیے بیشتر ٹیمیں 12ستمبرکو یواے ای پہنچ جائینگی،اے سی سی آفیشل کے مطابق بھارتی ٹیم قدرے تاخیر سے آئے گی، اس نے اپنی فلائٹس میچز کے شیڈول کو پیش نظر رکھتے ہوئے طے کی ہیں، ایونٹ کے تمام مقابلوں میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا جائے گا،بی سی سی آئی پہلے ہی اس ٹیکنالوجی کو اپنا چکا ہے۔
Load Next Story