بندرگاہ پر بحری جہاز آتشزدگی کے بعد ڈوب گیا

آگ کی شدت سے جہازکا ڈھانچہ انتہائی کمزورہوگیا، پانی بھرنے سے بحری جہاز غرق ہوگیا


Staff Reporter July 28, 2018
کے پی ٹی اورنیوی کے فائرفائٹرزنے عملے کے5 افراد کوبچالیا۔ فوٹو: فائل

کراچی بندرگاہ کے قریب کھلے سمندر میں مال بردار جہاز میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی جب کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران پانی بھرجانے کی وجہ سے مال بردار بحری جہاز سمندر میں غرق ہوگیا۔

کراچی بندرگاہ کے قریب کیماڑی کے کھلے سمندر میں جمعے کی صبح پونے 4 بجے جیٹی پر کھڑے مال بردار جہاز کے انجن روم میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جہاز کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے آگ کے شعلوں کو دیکھ کر اطراف کی لانچوں میں موجود افراد نے فوری طور پر کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور دیگر اداروں کو اطلاع دی پاک بحریہ اور کے پی ٹی کے فائربریگیڈ کا عملہ دوسری لانچوں کے ذریعے موقع پر پہنچ گیا ۔

ریسکیو آپریشن کے دوران جہاز میں پھنسے ہوئے عملے (کریو) کے 5 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو عملے نے 3 گاڑیاں اور جہاز سے قیمتی سامان بھی نکال لیا، سمندر میں جمعے کو 20 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے جہاز پر آگ پھیلتی چلی گئی اور آگ نے پورے جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ کے شعلے کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دے رہے تھے، فائر فائٹرز نے 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ذرائع کے مطابق مال بردار جہاز مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا بالآخر جہاز پانی بھرجانے کی وجہ سے جہاز سمندر میں ڈوب کر غرق ہوگیا جہاز میں آگ لگنے کی وجوہ کا پتہ نہیں چل سکا۔

کے پی ٹی کے چیف فائر آفیسر سعید جدون کے مطابق جہاز پر موجود عملے کے پاس کے پی ٹی اور دیگر اداروں کے فون نمبرز نہیں تھے جس کی وجہ سے وہ بروقت کے پی ٹی فائر اور فائربریگیڈ کو اطلاع دے نہیں سکے، آگ جہاز کے انجن سے نکل کر کمروں کے ساتھ ساتھ کارگو ایریا تک پہنچ گئی جہاز میں تقریبا 5 ہزار لیٹر کے ڈیزل کے ڈرم بھی موجود تھے جو زور دار دھماکوں سے پھٹے جمعرات کو بندرگاہ پر جہاز کو خالی (آف لوڈ) کردیا گیا تھا۔

سعید جدون نے مزید بتایا کہ جہاز پر لگی آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر اور ایک ڈرائیور جہاز سے چھلانگ لگاتے ہوئے گرکر زخمی ہوگئے ہیں ۔ جنھیں طبی امداد کے لیے کے پی ٹی اسپتال پہنچادیا گیا ہے جہاز سے کودنے والے فائر فائٹر اور ڈرائیور کے ہاتھ اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں، بحری جہاز پر موجود عملے سے حادثہ پیش آنے کی معلومات اور تفصیل حاصل کی جارہی ہے کہ انجن میں آگ کیسے لگی جہاز کے انجن میں آگ لگتے وقت انجن میں کتنے لوگ کام کررہے تھے کے پی ٹی اور دیگر اداروں نے آگ لگنے سے جہاز کی غرقابی کی مکمل طور پر انکوائری شروع کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جہاز الہارون ون نام سے بیرون ملک میں رجسٹرڈ ہے جہاز کا مالک پاکستانی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں