نائٹ ٹیسٹ فلڈ لائٹس جلنے سے پہلے ہی بجھ گئیں

پی سی بی نے گذشتہ2 سال کے برعکس رواں برس ہوم سیریزکا کوئی پانچ روزہ نائٹ میچ نہ کرانے کا فیصلہ کرلیا

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریزکے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی،جلد اعلان ہوگا۔ فوٹو:فائل

نائٹ ٹیسٹ کیلیے فلڈ لائٹس جلنے سے پہلے ہی بجھ گئیں۔

آئی سی سی نے اکتوبر 2012میں ممبر ممالک کو نائٹ ٹیسٹ میچز کی اجازت دی تھی، نومبر 2015میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ اوول میں تاریخ کا اولین فلڈ لائٹس پانچ روزہ میچ کھیلا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس میں خاصی دلچسپی دکھائی اور اکتوبر2016میں ویسٹ انڈیز سے سیریز کا پہلا ٹیسٹ برقی قمقموں کی روشنیوں میں کھیلا گیا، اس کی میزبانی کا اعزاز دبئی نے پایا، گرین کیپس نے 56 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

اظہر علی نے ٹرپل سنچری سے میچ کو یادگار بنا لیا،دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین اسپنر بشو نے 8شکار کیے، حکام کا خیال تھا کہ یو اے ای کے سخت گرم موسم میں تاخیر سے کھیل کا آغاز کھلاڑیوں کی مشکلات کم کرنے کے ساتھ شائقین کو بھی اپنی جانب راغب کرے گا ، وہ اپنے کام سے فارغ ہو کر اسٹیڈیم آیا کریں گے، البتہ ایسا ہو نہیں سکا، اس کے باوجود گذشتہ برس اکتوبر میں پاکستان نے سری لنکا سے سیریزکا دوسرا ٹیسٹ بھی ڈے نائٹ ہی رکھا، ایک بار پھر مقابلے کا انعقاد دبئی میں ہوا مگر میزبان ٹیم 68 رنز سے ناکام رہی۔


ذرائع کے مطابق رواں برس دونوں ہوم سیریز میں نائٹ ٹیسٹ کا تجربہ نہیں دہرایا جائے گا، اس کی وجہ پاکستانی ٹیم منیجمنٹ کا اعتراض بنا جس کا خیال ہے کہ دبئی میں اوس پڑنے کے بعد اسپنرز غیرموثر ہو جاتے ہیں یوں میزبان کو اپنی سیریزکا کوئی فائدہ نہیں ملتا، حکام نے یہ جواز تسلیم کر لیا،اب آسٹریلیا سے دونوں اور نیوزی لینڈ سے تینوں ٹیسٹ میچز دن کی روشنی میں ہی کھیلے جائیں گے، ویسٹ انڈیز سے اولین نائٹ ٹیسٹ میں پاکستان کے اہم ترین اسپنر یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں121 رنز کے عوض 5 اوردوسری باری میں113رنز دے کر2وکٹیں لی تھیں۔

گذشتہ برس سری لنکا کیخلاف فلڈ لائٹس ٹیسٹ میں انھوں نے پہلی باری میں 184 رنز کی پٹائی کے عوض6 شکار کیے تھے، دوسری اننگز میں انھیں47 رنز دینے پر2 وکٹیں ملیں۔واضح رہے کہ2015 سے اب تک دنیا بھر میں10 نائٹ ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ان میں سے 3 میں پاکستانی ٹیم شریک رہی، دسمبر 2016میں آسٹریلیا سے برسبین ٹیسٹ فلڈ لائٹس میں ہی کھیلا گیا تھا۔

دوسری جانب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پی سی بی ستمبر، اکتوبر میں ہونے والے ان میچزکی تاریخوںکا اعلان جلدکر دے گا، کینگروز 2 ٹیسٹ اور3 ٹوئنٹی20 جبکہ کیویز 3 ٹیسٹ،3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ ان دونوں سیریز کے بعد دسمبر 2018سے فروری 2019تک سخت ترین دورئہ جنوبی افریقہ پاکستانی ٹیم کا منتظر ہوگا جس میں3 ٹیسٹ، اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی اور5 ون ڈے میچز ہونے ہیں، پی ایس ایل کے بعد گرین شرٹس آسٹریلیا سے5 ون ڈے میچز بھی کھیلیں گے۔
Load Next Story