قومی خزانے کی بندر بانٹ کی اجازت نہیں دے سکتے چیف جسٹس

سپریم کورٹ نے پنجاب کی 56 کمپنیز میں تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے تمام افسران کو کل طلب کر لیا۔


ویب ڈیسک July 28, 2018
سپریم کورٹ نے پنجاب کی 56 کمپنیز میں تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے تمام افسران کو کل طلب کر لیا۔ فوٹو:فائل

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے پنجاب کمپنیز کرپشن کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ قومی خزانے کی بندر بانٹ کی اجازت نہیں دے سکتے،

سپریم کورٹ میں پنجاب کی 56 کمپنیز سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی جی نیب لاہور اور چیف سیکرٹری پنجاب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت نے جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ 346 سرکاری افسران کو 56 کمپنیز میں بھیجا گیا، جن کی فہرست نیب کو فراہم کردی ہے۔

سپریم کورٹ نے ان تمام افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کرلیا اور اپنا موقف پیش کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے سرکاری شعبے سے کمپنیز میں جانے والے تمام چیف ایگزیکٹیو افسران (سی ای اوز) کی فہرست بھی فوری طور پر پیش کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی 56 کمپنیز کے سربراہان کو اضافی تنخواہ واپس کرنے کا حکم

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ سرکاری افسر کے طور پر کیپٹن عثمان پنجاب حکومت سے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے تنخواہ لے رہا تھا، لیکن کمپنی میں جا کر 14 لاکھ روپے تنخواہ لے رہا ہے، ہم ان افسران کو دیے جانے والے سارے پیسے واپس لے کر ڈیم فنڈ میں جمع کرائیں گے، یہ عوام کے پیسے ہیں جن کی بندر بانٹ ی اجازت نہیں دے سکتے، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے دوائیاں نہیں ہیں اور افسران عیاشیاں کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کمپنیز میں تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے تمام افسران کو کل طلب کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔