منی لانڈرنگ کیس آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پھر پیش نہ ہوئے

فریال تالپور بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اور عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرادیے


ویب ڈیسک July 28, 2018
فریال تالپور بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اور عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے مچلکے جمع کرادیے فوٹو:فائل

منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے ایک بار پھر ایف آئی اے میں پیش ہونے سے گریز کیا۔

وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے ) نے 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے دونوں رہنما پیش نہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور مفرور ملزم قرار

فریال تالپور کی جانب سے ایڈوکیٹ مزمل قریشی ایف آئی اے زونل ڈائریکٹریٹ میں پیش ہوئے اور نئی تاریخ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ بینکنگ کورٹ میں اپنی عبوری ضمانت کی توثیق میں مصروف ہیں، اس لیے آج ایف آئی اے کے سامنے حاضر نہیں ہوسکتیں۔

ادھر فریال تالپور کراچی میں خصوصی بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرادیے۔ انہوں نے 6 اگست تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔ فریال تالپور نے 6 روز پہلے سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لی تھی جس کی مدت آج ختم ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 11 جولائی کو بھی طلب کیا تھا تاہم وہ اس وقت بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں