مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ ملک میں سونامی آنے سے پہلے ہی تھم گیا لاہور میں ممی ڈیڈی احتجاج ہورہا ہے جو ان کے اپنے لئے نقصان دہ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام نے ثابت کردیا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کا زور ٹوٹ گیا ہے، اس جماعت کے ساتھ وہی ہوا جو اس نے پانچ سال ملک اورعوام کے ساتھ کیا جبکہ سونامی بھی آنے سے پہلے تھم گیا ہے۔ تحریک انصاف کے ممی ڈیڈی حمایتی اپنی ناکامی کے بعد لاہور کے علاقے ڈیفنس ہی میں احتجاج کررہے ہیں اور یہ احتجاج ان کے اپنے لئے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کا ٹھپہ مینڈیٹ قوم کے سامنے آچکا ہے، کراچی پاکستان اور پاکستان کراچی ہے، کوئی اسے الگ نہیں کرسکتا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ جس صوبے میں قوم نے جس جماعت کومینڈیٹ دیا ہے، وہاں اسی کی حکومت بننی چاہیے۔ وفاق میں حکومت سازی کے لئے ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، اس سلسلے میں آزاد امیدواروں سے رابطے بھی شروع کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے آئندہ وزیراعلیٰ بھی شہباز شریف ہی ہوں گے کیونکہ خادم اعلیٰ کا قلمدان انہیں ہی جچتا ہے۔