اے این پی کی بدترین شکست کے بعد بیگم نسیم ولی خان کا سیاست میں واپسی کا اعلان

ولی باغ کے دروازے پارٹی کے کارکنان کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، بیگم نسیم ولی خان

ہیلی کاپٹر اور بلٹ پروف گاڑیوں کے عادی سیاستدان قوم کی خدمت نہیں کر سکتے، بیگم نسیم ولی خان

COLOMBO:
11مئی کے انتخابات میں اے این پی کی بدترین شکست کے بعد بیگم خان عبدالولی خان کی بیوہ بیگم نسیم ولی خان نے سیاست میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بیگم نسیم ولی خان نے ناراض کارکنان کے تحفظات دور کرنے اور پارٹی میں ایک بار پھر نئی روح پھونکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر اور بلٹ پروف گاڑیوں کے عادی سیاستدان قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ولی باغ کے دروازے پارٹی کے کارکنان کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ بیگم نسیم ولی خان کو 2003 میں پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر پارٹی کے موجودہ سربراہ اسفند یار ولی خان کی جانب سے کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعدازاں ان سے یہ عہدہ واپس لے لیا گیا تھا جس کے بعد بیگم نسیم ولی خان نے 10 سال کا طویل عرصہ سیاست اور پارٹی کی سرگرمیوں سے علیحدہ گزارا اور وہ محض ولی خان یا باچا خان کی برسی میں ہی شریک ہوتی تھیں۔ خیبر پختونخوا کی سیاست میں بیگم نسیم ولی خان کو ''آئرن لیڈی'' کے نام سے جانا تھا اور پارٹی میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے حوالے سے بھی وہ کافی مشہور تھیں۔
Load Next Story