پنجاب میں حکومت بنانے کیلیے شہباز شریف کا پیپلز پارٹی سے رابطہ

(ق) لیگ سے بھی رابطے کی کوشش، ایاز صادق کا چوہدری پرویز الہٰی کو فون


ویب ڈیسک July 28, 2018
شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے رابطہ کیا جبکہ ق لیگ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے (فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اور ق لیگ سے رابطہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے سابق گورنر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے لاہور میں ملاقات کی اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں حکومت کا اتحادی بننے کی پیشکش کر دی۔

ملاقات میں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کرنے پر بھی ہامی بھری جب کہ دونوں رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے ساتھ ساتھ چلنے پر بھی اتفاق کیا۔

ایاز صادق اور خورشید شاہ کی ملاقات طے

اسی ضمن میں (ن) لیگی رہنما و اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے رابطہ کیا اور ن لیگ کی جانب سے پارٹی کا پیغام پہنچایا جس کے بعد کل اسلام آباد میں ایاز صادق اور خورشید شاہ ملاقات کریں گے اور ممکنہ طور پر اس ملاقات میں شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن بننے کے معاملات اور حکمت عملی پر بات کی جائے گی، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی مشاورت کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے جب کہ حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ کرنے والی جماعتوں کو حلف اٹھانے پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کا ق لیگ سے بھی رابطہ

مسلم لیگ (ن) نے اسی ضمن میں ق لیگ سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم چوہدری پرویز الٰہی سے رابطہ نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما و اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چوہدری پرویز الہی کی رہائش گاہ پر ٹیلی فون کیا تاہم چوہدری پرویز الٰہی سے بات نہیں ہوسکی۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کمیٹیاں تشکیل

ملاقات کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے رکنی کمیٹیاں تشکیل دے دی۔ ن لیگ کی جانب سے ایاز صادق، مشاہد حسین سید اور خواجہ سعد رفیق جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے خورشید شاہ، شیری رحمان اور نوید قمر نمائندگی کریں گے۔

میٹنگ میں آئندہ کی حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر لائحہ عمل زیر غور آئے گا اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی مشاورت کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے چار نومنتخب آزاد ارکان پاکستان تحریک انصاف میں شامل

دریں اثنا پنجاب اسمبلی کے چار نومنتخب آزاد ارکان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا جب کہ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 9 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی، قومی اسمبلی کے 8 جب کہ پنجاب اسمبلی کے 5 آزاد امیدوار تحریک انصاف کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

ادھر پنجاب سے چار اراکین صوبائی اسمبلی نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی، لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا جبکہ ڈی جی خان سے حمید پتافی نے کپتان کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب مظفرگڑھ سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سید علمدارقریشی، خانیوال سے مسعود گیلانی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ان کی بھی شمولیت کا امکان ہے۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 129 ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلز پارٹی کے 6 ارکان ہیں، اس کے علاوہ 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ موجودہ صورت حال میں آزاد امیدواروں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |