شہرت کی عادی نہیں پرینیتی چوپڑا

میں شہرت کی عادی نہیں ہوں اس لیے کچھ چیزوں کی بہت کمی محسوس ہوتی ہے، پرینیتی چوپڑا


Amir Shakur May 13, 2013
خوب رُو اداکارہ پر قسمت کی دیوی کیریئر کے آغاز ہی میں مہربان ہوگئی۔ فوٹو : فائل

خوب رُو اداکارہ پر قسمت کی دیوی کیریئر کے آغاز ہی میں مہربان ہوگئی۔

اس لحاظ سے پرینیتی چوپڑا کو خوش قسمت کہا جاسکتا ہے، کیوں کہ کئی اداکار فلم انڈسٹری میں برسوں کے گزارنے کے باوجود شہرت حاصل کرنے سے محروم رہتے ہیں۔ پرینیتی کے کیریئر کی ابتدا 2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''لیڈیز بمقابلہ رکی بہل'' سے ہوئی تھی۔ اس فلم میں پرینیتی کی اداکاری نہ صرف پسند کی گئی بلکہ بہترین پرفارمینس پر اسے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نام زد بھی کیا گیا تھا۔

گذشتہ برس شائقین فلم نے اسے '' عشق زادے'' میں دیکھا۔ اس فلم کی ریلیز سے قبل پرینیتی کی پہچان کا واحد حوالہ سپراسٹار پریانکا چوپڑا سے اس کی رشتہ داری تھی۔ وہ پریانکا کی کزن ہے۔ تاہم '' عشق زادے'' میں خوب صورت پرفارمینس سے پرینیتی نے ایک اداکارہ کے طور پر اپنی شناخت قائم کرلی ہے۔

حال ہی میں منعقد ہونے والی نیشنل ایوارڈز کی تقریب میں پرینیتی کی بہترین اداکاری کا خاص طور پر ذکر کیا گیا تھا۔ فلمی مبصرین اسے مستقبل کی اسٹار قرار دے رہے ہیں اور وہ خود بھی بولی وڈ میں کام یابیاں سمیٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔ خوب صورت اداکارہ سے کی گئی تازہ گفتگو قارئین کی نذر ہے۔

٭کیریئر کی پہلی ہی فلم نے آپ کو شہرت سے روشناس کروادیا۔ اس قدر جلد کام یابی کے حصول پر آپ کے کیا خیالات ہیں؟
میں بہت خوش ہوں۔ میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ قسمت اس طرح اور اتنی جلدی مجھ پر مہربان ہوجائے گی۔

اور یہ تو میرے گمان میں بھی نہ تھا کہ''عشق زادے'' میں لیڈ رول کے حوالے سے نیشنل ایوارڈز کی تقریب کے دوران میرا خصوصی طور پر ذکر کیا جائے گا۔ میرا خیال تھا کہ کیریئر کو مستحکم کرنے میں مجھے چار سے پانچ سال لگ جائیں گے۔ کیریئر کی شروعات میں ملنے والی کام یابی سے میں قدرے خوف زدہ بھی ہوگئی ہوں کیوں کہ مجھ سے لوگوں نے اب زیادہ توقعات وابستہ کرلی ہیں، لیکن میں خوش ہوں کہ لوگ مجھے پہچاننے لگے ہیں جس سے مجھے آئندہ مزید بہتر کام کرنے کی تحریک ملی ہے۔

٭ کام یابی اور شہرت حاصل کرنے کے بعد پرانی زندگی کی کون سی بات آپ کو سب سے زیادہ یاد آتی ہے؟
میں شہرت کی عادی نہیں ہوں اس لیے کچھ چیزوں کی بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔ آج میرے لیے کسی شاپنگ مال میں جانا یا سڑکوں پر آزادی سے مٹرگشت کرنا بہت مشکل ہے۔ میں بہت کاہل ہوں، اس لیے ہر وقت بننے ٹھننے سے بھی اکتا جاتی ہوں، مگر یہ تو بہت چھوٹی قیمت ہے جو اداکار بننے کے بعد مجھے ادا کرنی پڑی ہے۔

٭لوگ آپ کے بڑھے ہوئے وزن پر تبصرے کرتے ہیں تو کیسا لگتا ہے؟
فی الوقت وہ صحیح کہہ رہے ہیں کہ میرا وزن زیادہ ہے، مگر جلد ہی میں وزن کم کرکے انھیں چپ ہوجانے پر مجبور کردوں گی( مسکراہٹ )

٭ کیا یہ سچ ہے کہ آپ اپنی اگلی فلم '' ہنسی تو پھنسی'' کے لیے وزن کم کررہی ہیں؟
میں نے بھی کچھ ایسی باتیں سنی ہیں مگر فی الحال یہ سب افواہیں ہیں۔ میں اس فلم کے لیے نہیں بلکہ ویسے ہی اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کررہی ہوں۔



٭نئے اداکاروں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ آپ اس بارے میں کیا کہتی ہیں؟
میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، اور نہ ہی میں ایسی کوئی سوچ رکھتی ہوں۔ عالیہ بھٹ ہو، ارجن کپور ہو یا سدھارتھ ملہوترا، ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں۔ مقابلے کے بارے میں اداکار اس وقت سوچتا ہے جب وہ کام یابیاں حاصل کرلیتا ہے۔

٭ آپ کے خیال میں ایک اداکار کے لیے سب سے زیادہ کیا بات اہمیت رکھتی ہے؟
اپنے پرستاروں کو خوش رکھنا! امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے کچھ اداکار ہیں جو اپنے مداحوں کی توقعات پر ہمیشہ پورے اترے ہیں۔ میرے سامنے سب سے بڑا چیلنج اپنے پرستاروں کو اگلے دس برس تک خوش رکھنا ہے۔

٭پریانکا چوپڑا سے اپنے موازنے پر آپ کیا کہیں گی؟
میں امید کرتی ہوں کہ اس کے ساتھ میرا موازنہ نہیں کیا جائے گا۔ میرے خیال میں اداکارہ کی حیثیت سے میں نے اپنی صلاحیتیں ثابت کردی ہیں۔

٭فیشن یا ذاتی زندگی کے حوالے سے کی جانے والی منفی باتوں سے آپ کیسے نمٹتی ہیں؟
مجھے فیشن کی کوئی سمجھ بوجھ نہیں ہے، مگر اب میں اپنی اسٹائلنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہوں۔ میری اداکاری کو سراہا گیا ہے اور میں اپنے لباس کے معاملے میں بھی لوگوں سے ایسا ہی ردعمل چاہتی ہوں۔ جب لوگ میری ذاتی زندگی کے بارے میں کچھ کہتے ہیں یا لکھتے ہیں تو بہت اپ سیٹ ہوجاتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ لوگ کسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں لکھتے ہوئے ذمے داری سے کام لیں۔

٭ فلم انڈسٹری میں اداکاراؤں کا مختصر ترین لباس زیب تن کرنا رواج بن گیا ہے۔ آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟
میرے خیال میں سین کی ڈیمانڈ کے مطابق ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

٭ اگر اداکارہ نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں؟
میں اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی۔ درحقیقت میں اداکاروں کو ناکارہ انسان سمجھتی تھی ( مسکراہٹ )، مگر اب میرا نقطۂ نظر تبدیل ہوگیا ہے۔

٭ دورحاضر کی کوئی ایسی فلم جس کے بارے میں آپ نے سوچا ہو کہ کاش میں بھی اس کا حصہ ہوتی؟
'' برفی ''! اس فلم میں پریانکا کی اداکاری پر دنیا بھر کی اداکارائیں حیران رہ گئی ہوں گی۔ میں ہمیشہ سے جانتی تھی کہ وہ ایک زبردست اداکارہ ہے لیکن اس فلم میں اس کی اداکاری نے تو مجھے پاگل ہی کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں