قدرتی آفات خلائی مخلوق کے حملے مشینوں کا عُروج

دُنیا کی تباہی اور انسانی بقا ہالی وڈ کے فلم سازوں کا پسندیدہ موضوع بن گئی


Mim Ain May 13, 2013
دُنیا کی تباہی اور انسانی بقا ہالی وڈ کے فلم سازوں کا پسندیدہ موضوع بن گئی۔ فوٹو : فائل

خلائی مخلوق کے حملے، قدرتی آفات، مشینوں کی انسانوں پر دسترس اور دیگر وجوہ کی بنا پر دنیا کی تباہی کا موضوع ایک بار پھر ہالی وڈ کے فلم سازوں کا فیورٹ بن گیا ہے۔

اس موسم گرما میں ہالی وڈ کے فلم اسٹوڈیوز ایسی کئی فلمیں ریلیز کررہے ہیں جن میں دنیا کی تباہی اور انسان کو اپنی بقا کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا جائے گا۔

Oblivion رواں موسم گرما میں ریلیز ہونے والی اس موضوع پر بنائی گئی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کے نمایاں اداکاروں میں ٹام کروز اور مورگن فری مین جیسے نام ور اداکار شامل ہیں۔ اس فلم کی تکمیل پر آنے والی لاگت بارہ کروڑ ڈالر ہے۔ Oblivion میں 2077ء کا زمانہ دکھایا گیا ہے کہ جب کرۂ ارض پر زندہ رہ جانے والے آخری انسان کسی دوسرے سیارے پر نئے گھر کی تلاش میں ہوتے ہیں۔

اس فلم کے ہدایت کار جوزف کوسنسکی کہتے ہیں کہ اس بارے میں عوامی سطح پر بہت زیادہ تجسس پایا جاتا ہے کہ ہمارے مرجانے کے بعد اس دنیا میں کیا ہوگا، چناں چہ اس موضوع کو اپنے انداز سے پردۂ سیمیں پر پیش کرنا فلم سازوں کے لیے کسی بھی طرح گھاٹے کا سودا نہیں۔ Oblivion کے بعد جون اور جولائی میں ڈائریکٹر ایم نائٹ شیاملن کی فلم After Earth نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس میں معروف اداکار وِل اسمتھ نے لیڈ رول کیا ہے۔



اس کے بعد کامیڈی فلم This is the End، زومبی فلم This is the End اور روبوٹوں اور خلائی مخلوق کی جنگ کے پس منظر میں بنائی گئی فلم Pacific Rim شامل ہیں۔ ہالی وڈ میں دنیا کے خاتمے اور مستقبل میں کرۂ ارض پر زندگی کے موضوع پر فلم سازی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر امریکا میں تحقیق بھی کی گئی ہے۔ Syracuse University میں پاپ کلچر کے پروفیسر باب تھامسن کی رائے میں اس کی وجہ امریکیوں میں ، بالخصوص معاشی، ماحولیاتی اور سیاسی صورت حال کے حوالے سے بڑھتا ہوا عدم تحفظ بھی ہوسکتا ہے۔

سماجی عدم تحفظ، ڈائریکٹر Guillermo del Toro کی پندرہ کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والی فلم Pacific Rim کا بنیادی نکتہ ہے۔ اس فلم میں روبوٹوں اور خوف ناک خلائی مخلوق کے درمیان ہونے والی لڑائیوں کے نتیجے میں دنیا کے خاتمے کو مزاحیہ رنگ میں دکھایا گیا ہے۔

اسپیشل ایفیکٹس سے پُر اس نوع کی فلمیں ہالی وڈ کی فلموں کے دل دادگان میں ہمیشہ سے پسند کی جاتی رہی ہیں۔ Independence Day (1996ء)، Armageddon ( 1998ء ) اور The Day After Tomorrow ( 2004 ء) سمیت ایسی فلموں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں فلم بینوں نے دنیا کی تباہی اور مستقبل کی زندگی کا مختلف انداز سے نظارہ کیا ہے۔ بڑے فلم اسٹوڈیوز کے علاوہ فلم ساز اور ڈائریکٹر انفرادی حیثیت میں بھی ان موضوعات پر طبع آزمائی کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں