سال 201718 میں اربوں روپے کی غیر ملکی اشیا پکڑی گئیں

62 لاکھ لیٹرڈیزل،1ہزار قیمتی گاڑیاں، 13 کلوگرام سونا اور 3ارب کا کپڑا، الیکٹرونک مصنوعات، غیرملکی کرنسی شامل


Irshad Ansari July 29, 2018
افغانستان وایران سے لائی گئیں،رینجرزکی مددسے پکڑیں،چیف کلکٹرکسٹمز انفورسمنٹ کراچی،ایف بی آر کو رپورٹ ارسال۔ فوٹو : فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے انسداد اسمگلنگ ڈپارٹمنٹ اور پاکستان رینجرز کی جانب سے مالی سال 2017-18کے دوران افغانستان اور ایران سے پاکستان اسمگل ہونے والا 62 لاکھ لیٹر سے زائد مالیت کا ڈیزل اور ایک ہزار سے زائد قیمتی گاڑیاں، 13 کلو گرام سونا اور 3ارب روپے سے زائد مالیت کا کپڑا، الیکٹرونک مصنوعات سمیت دیگر اشیا پکڑ کر ضبط کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز میں بتایا گیا کہ افغانستان اور ایران سے بلوچستان کے سرحدی علاقے سے اشیا اسمگل ہوکر صوبہ سندھ اور پھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں پہنچائی جاتی ہیں، اسی طرح سرحدی علاقوں کے ذریعے افغانستان سے اشیا اسمگل ہوکر خیبر پختونخوا اور وہاں سے ملک کے دوسرے علاقوں میں پہنچائی جاتی ہیں جن کی روک تھام کے لیے کسٹمز کے محکمہ انسداد اسمگلنگ اور پاکستان رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر اسمگل شدہ اشیا پکڑ کر ضبط کی ہیں۔

دستاویز میں دیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 1 ہزار 12 قیمتی گاڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ضبط کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 2016-17کے دوران اسمگلروں سے پکڑی جانے والی 664 گاڑیوں کے مقابلے میں 52فیصد زیادہ ہیں، اس کے علاوہ سال 2017-18کے دوران مجموعی طور پر 62 لاکھ37 ہزار379 لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل پکڑ کر ضبط کیا گیا ہے جو سال 2016-17کے دوران پکڑے جانے والے 43لاکھ 43 ہزار568 لیٹر ڈیزل کے مقابلے میں44 فیصد زیادہ ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2017-18کے دوران 3ارب 70 کروڑ80لاکھ روپے ملیت کا کپڑا،الیکٹرونک مصنوعات سمیت دیگر متفرق مصنوعات پکڑ کر ضبط کی گئیں جو سال 2016-17کے دوران پکڑے جانے والے 2 ارب 24 کروڑ60 لاکھ روپے مالیت کے کپڑے، الیکٹرونک مصنوعات سمیت دیگر متفرق مصنوعات کے مقابلے میں 65فیصد زیادہ ہیں۔

اعدادوشمار میں بتایا گیاکہ گزشتہ مالی سال اربوں روپے مالیت کی 12 ہزار 739 کلو گرام منشیات بھی پکڑی گئی جبکہ 2016-17کے دوران 4ہزار545 کلو گرام منشیات پکڑی گئی تھی، اس طرح منشیات کے خلاف کامیابی میں 180فیصداضافہ ہوا۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کروڑوں روپے کا 12.95کلو گرام سونا پکڑ کر ضبط کیا گیا ہے جو مالی سال 2016-17 کے دوران پکڑے جانیوالے 11.79کلوگرام سونے کے مقابلے میں10 فیصد زیادہ ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2017-18کے دوران 2کروڑ 89لاکھ 80روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی بھی پکڑی جو سال 2016-17کے دوران ضبط کی جان والی 9 کروڑ 33 لاکھ 90 روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی کے مقابلے میں 69 فیصد کم ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سال 2017-18 کے دوران کروڑوں روپے کی 83 ہزار 172 غیرملکی شراب کی بوتلیں اور کین پکڑے گئے جو 2016-17کے دوران پکڑی جانے والی بوتلوں سے 623فیصد زیادہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔