ٹیل سٹار18 فٹ بال

ورلڈکپ کے ہر میچ میں پاکستان کی موجودگی کا احساس


Abbas Raza July 29, 2018
ورلڈکپ کے ہر میچ میں پاکستان کی موجودگی کا احساس۔ فوٹو: فائل

فیفا ورلڈکپ2018 میں دنیا کی 32ٹیمیں شریک ہوئیں، کئی صرف خواب دیکھتی رہ گئیں لیکن میگا ایونٹ کا کوئی بھی میچ ایسا نہیں تھا کہ جس میں پاکستان کا ذکر نہ ہو اور یہ سیالکوٹ میں بنائی گئی فٹ بال کی مرہون منت تھا، روس کی میزبانی میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان کی پہچان بننے والی فٹ بال ٹیل سٹاربرائٹ 18 نے ملک کی نیک نامی میں اضافہ کیا۔

رواں سال ورلڈکپ سے قبل برازیل میں 1982میں ہونے والے میگا ایونٹ اور پھر 2014 میں بھی پاکستانی فٹ بال استعمال کی گئی تھی، مسلسل دوسری بار منتخب کئے جانے کی وجہ سے اس کو فٹ بال ڈپلومیسی کی حیثیت حاصل ہوئی، دنیا بھر میں ملک کا نام ٹیل سٹار کی وجہ سے روشن ہوا، روس کی سرزمین پر عالمی کپ میں فٹ بال کی میدان میں گردش کیساتھ شائقین کے دل دھڑکتے رہے اور پاکستان کا ذکر بھی ہوتا رہا،ٹیل سٹار برائٹ سے قبل 2014ء میں ''برازو'' اور 1982ء میں ''ٹانگو'' نامی برانڈ نے ملک کانام بلند کیاتھا۔

دستیاب اعداد شمار کے مطابق پاکستان ہرسال4 کروڑ فٹ بال بیرون ملک فروخت کرتا ہے، روس میں منعقدہ فیفا ورلڈکپ کی وجہ سے پاکستانی سپورٹس ساز و سامان کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس موقع سے فائدہ اٹھاکر دنیا بھر میں اس سلسلے میں مہم کا اجراء کیا، اس کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ میں ورلڈکپ میچز براہ راست دکھانے کے لیے دیوقامت سکرینیں نصب کی گئیں، یوں فٹ بال شائقین کو بہترین تفریح بھی فراہم کی گئی، یوں عوام کو بھی اپنے ملک میں تیار کی جانے والی اس شاندار پروڈکٹ کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔

فٹ بال ڈپلومیسی کے تحت فیفا ورلڈکپ ٹرافی کو پاکستان میں لایا گیا تو اس کا شاندار استقبال ہوا، اس کے ساتھ ساتھ برازیلی رونالڈینیو، انگلش ریائن گیگس جیسے سٹارز بھی پاکستان آئے اور دوستانہ میچز کی سیریز کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا، ''فٹ بال فارپیس'' نامی تنظیم نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا، کراچی میں قائم امریکن قونصلیٹ میں بھی ورلڈکپ کی مناسبت سے ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ فیفا ورلڈکپ آرگنائزرنگ کمپنی نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان احمد رضا کو ورلڈکپ کے ایک میچ میں ٹاس کے لیے مہمان کی حیثیت سے ماسکو بلایا، احمد رضا کا تعلق ہاتھ سے فٹ بال سینے والے خاندان سے ہے، فیفا آفیشلز نے ٹیل سٹار18 کو ایک کامیاب برانڈ قرار دیا، فیفا کے مطابق 30 بڑے کلبز اور600 سپر سٹار فٹ بالرز نے اس بال کو استعمال کیا، یہ ورلڈکپ کیلیے ایک ایسا پرکشش آئٹم تھا جس پر میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں،سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور دنیا بھر میں موجود شائقین کی نظرین فائنل تک جمی رہیں۔

فیفا کے زیر استعمال اس پاکستانی فٹ بال کو حکومت پاکستان نے 164ممبران کی حامل ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے ڈائریکٹر جنرل رابرٹو ازدازو کو بھی پیش کیا گیا، یو این آئی ڈی اور کو بھی یہ فٹ بال تحفہ میں دی گئی، وزارت تجارت کے مطابق ٹیل سٹار 18ملک کی تجارتی مہم میں اضافہ کا ایک بہت بڑا حصہ بنا، اس کی وجہ سے ٹریڈنگ میں10.40 فیصد اضافہ ہوا، یورپی یونین کے سفیر فرانکوئس کاٹین کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں ٹیمیں تو چند ہی کھیلیں لیکن ٹیل سٹار اور پاکستان ہر میچ میں موجود رہا،اس پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں