الیکشن کمیشن کا ملک بھر کے فارم 45 عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ

83 ہزار سے زائد فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے

83 ہزار سے زائد فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے فارم 45 عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس معاملے میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایات جاری کر دی ہیں،83 ہزار سے زائد فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے فارم 45 کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ریٹرننگ افسران سے فوری فارم 45 حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے فارم 45 نہ ملنے کی شکایات کی گئی تھیں، فارم 45 ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے میں 4 سے5 روز درکار ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کا فارم 45 اس سے قبل فارم 14کے نام سے جانا جاتا تھا، یہ فارم کسی بھی پولنگ اسٹیشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا سرکاری اعلان ہوتا ہے۔اس فارم میں متعلقہ حلقے میں تمام امیدواروں کو ڈالے گئے کل ووٹوں اور مسترد ہونے والے بیلٹ پیپر کا اندراج ہوتا ہے۔ اس فارم پر پریزائڈنگ افسر، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر اور موقع پر اگر کوئی مبصر موجود ہو تو اس کے اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط ہوتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 میں دھاندلی یا بے ضابطگیوں کی شکایات کی سماعت کیلیے عذرداری ٹربیونلز تشکیل دینے کی منظوری دے دی، ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کیلیے عذرداری ٹربیونلز بنائے جائیں گے، الیکشن کمیشن آئندہ چند روز تک عذرداری ٹربیونلز کا نوٹیفکیشن جاری کردے گا۔


تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی شکایات کیلیے ہائی کورٹس کے سابق ججز پر مشتمل عذرداری ٹربیونلز لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عذرداری ٹربیونلز کیلیے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ ججز لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس کیلیے ہائی کورٹس سے رٹائرڈ ججز کے نام ما نگ لیے ہیں۔

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کیلیے عذرداری ٹربیونلز بنائے جائیں گے جہاں دھاندلی یا بے ضابطگیوں کی شکایات دائر کی جاسکیں گی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن آئندہ چند روز تک عذرداری ٹربیونلز کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردے گا۔

دریں اثنا ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ عام انتخابات کاانعقاد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں ہوا ہے جس کوعالمی مبصرین نے بھی سراہاہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہاکہ کمیشن چند سیاسی جماعتوں کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔

ترجمان نے کہاکہ عالمی اداروں اورمبصرین نے انتخابات کو شفاف قراردیا ۔انھوں نے مزید کہاکہ انتخابات کو عالمی سطح پرسراہااورقبول کیاگیا الیکشن کمیشن کے ترجمان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کی طرف سے کمیشن پر لگائے گئے الزامات مسترد کردیے۔

 
Load Next Story