بارش نے تباہی مچا دی حادثات میں 2 خاندانوں کے 8 افراد سمیت 11 جاں بحق

مٹھہ ٹوانہ میں چھت گرنے سے ساس حلیم خاتون،بہورضیہ اورقصبہ ویگوال میں چھت گرنے سے محمد خان،حیات،ثمرین اوراکبر دم توڑگئے

لوئر دیر میں مرخنی کے مقام پر2خواتین اور2بچے ریلے میں بہہ گئے، پنڈی بھٹیاں میں دیوار گرنے سے نسرین چل بسی،آج بھی بارش کا امکان۔ فوٹو:فائل

مختلف شہروں میں جاری بارش نے تباہی مچادی، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ندی نالے بپھر گئے، حادثات میں 2 خاندانوں کے 8 افراد سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے، سرگودھا اور خوشاب میں گزشتہ روز طوفان بادو باراں نے تباہی مچا دی، دامن مہاڑ میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے دوران ندی نالے بپھر گئے ،مٹھہ ٹوانہ کے نواحی گاؤں ڈھوکڑی کی ڈھوک پیڑھا کلوال میں کسان صالح محمد کی بیوی اور بہو کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کہ بارش کے دوران بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجہ میں دونوں خواتین ملبہ میں دب گئیں جس سے صالح محمدماخولی اعوان کی اہلیہ حلیم خاتون اور بہو رضیہ خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔

شاہپور کے قصبہ ویگوال میں محنت کش محمد خان اپنے اہل خانہ اور ایک مہمان کے ہمراہ گھر میں سویا ہوا تھا کہ شدید بارش کے باعث اس کے پڑوسی کی دیوار محمد خان کی چھت پر آ گری جس کے بوجھ سے مکان کی چھت گر گئی اوراہل خانہ دب گئے ،ریسکیو 1122 نے ملبے کو ہٹایا تو ایک خاندان کے 4 افراد محمد خان ، محمد حیات ، ثمرین اور تین سالہ علی اکبر دم توڑ چکے تھے جبکہ محمد خان کی بیوہ کے علاوہ چار بیٹیاں مقدس شاہین ، صدف پروین ، عنبرین ، نسرین اور نواسی دو سالہ عائشہ شدید زخمی تھیں ، چاروں کو بعد از دوپہر نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ایک ہی گھر سے چار جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔


حافظ آبادسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق شہر اورگردونواح میں گزشتہ چار پانچ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پنڈی بھٹیاں کے محلہ فاروق اعظم میں مکان کی دیوار گرنے سے محنت کش خاتون نسرین بی بی ملبہ تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔

دوسری جانب سکھیکی میں دیوار گرنے سے پانچ افراد ذخمی ہوگئے۔لوئر دیر کے علاقہ مرخنی کے مقام پر مسماتہ (پ) اور اْس کا دس سالہ بیٹا عزیز ،مسماتہ ( م ) اور جوا د مقامی مدرسہ سے واپس گھر آرہے تھے کہ مر خنی میدان کے مقام پر برساتی ریلے میں بہہ گئے ،پولیس کے مطابق خواتین اور دو بچوں سمیت چار وں کی لاشیں مقامی افراد کی مدد سے تلاش کر لی گئی ہے ،ایک ہی گھر سے خواتین اور بچوں کے جنازے اْ ٹھنے پر کہرام مچ گیا۔نوشہرہ وادی سون اور اسکردوں کے علاقے شگر میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، فاٹا اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

 
Load Next Story