سیاہ حلقے خوب صورتی کے دشمن

سب سے پہلے تو آپ کو خوب صورتی کے ان دشمنوں سے نجات پانے کے لیے اپنی نیند اور پانی کی مقدارکا جائزہ لینا ہوگا

سب سے پہلے تو آپ کو خوب صورتی کے ان دشمنوں سے نجات پانے کے لیے اپنی نیند اور پانی کی مقدارکا جائزہ لینا ہوگا۔ فوٹو: فائل

''ارے! اتنے خوب صورت چہرے پر اتنے گہرے سیاہ حلقے! ساری خوب صورتی ماند پڑگئی۔'' ہادیہ جو اتنی خوشی سے پارٹی میں شریک ہوئی تھی، اپنے چہرے پر پڑے سیاہ حلقوں کے متعلق یہ بات سن کر اس کی ساری خوشی کافور ہوگئی، اور اس کا دل محفل کو چھوڑ کر بھاگنے کو چاہا۔

یقیناً ایسی ہی کیفیت آپ کی بھی ہوتی ہوگی جب کوئی آپ کے چہرے پر پڑے سیاہ حلقوں کو دیکھ کر ایسا ہی کچھ کہتا ہوگا۔ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ایک گھمبیر مسئلہ ہیں۔ سیاہ حلقے خواتین کی خوب صورتی کے دشمن ہوتے ہیں، لیکن صرف ان سیاہ حلقوں کو دیکھ کر پریشان ہونا اس کا حل نہیں ہے، بلکہ ان سیاہ حلقوں کی وجوہ بھی جاننا ضروری ہوتا ہے۔ عموماً اس کی بنیادی وجہ نیند اور پانی کی کمی ہے۔ سوشل میڈیا کے بے دریغ استعمال سے نیند کم لینا یا پھر بہت زیادہ پڑھائی کا ڈیپریشن لینا بھی نیند کی کمی کا باعث بنتا ہے۔ اس کے سبب آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہوجاتے ہیں۔

اسی طرح پانی کی کمی بھی سیاہ حلقوں کی اہم وجہ ہے۔ پانی پینے میں 90 فی صد خواتین سستی دکھاتی ہیں جب کہ پانی کی کمی ہماری اندرونی اور بیرونی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر ہم یہ جان لیں کہ پانی کی اہمیت خواتین کی صحت کے لیے کتنی ضروری ہے تو کبھی اسے پینے میں بے پروائی نہ برتیں۔ اسی طرح آئرن اور وٹامنز کی کمی بھی آنکھوں کے نیچے حلقوں کا سبب بنتی ہے۔ آئرن والی اشیاء جیسے سیب کا استعمال، اسی طرح وٹامنز کے لیے کچی سبزیاں بہ طور سلاد کھانا، کینو اور موسمبی کا استعمال بہترین رہتا ہے۔

چوں کہ ہماری آنکھوں کے نیچے کی جلد پتلی اور نازک ہوتی ہے اور بہت زیادہ حساس بھی ہوتی ہے، اس لیے اس کی نشونما کے لیے بہت احتیاط کرنی پڑتی ہے۔ یہ جگہ باریک شریانوں سے گھری ہوتی ہے، اسی لیے نیند اور خون کی کمی کا اثر سب سے پہلے آنکھوں پر پڑتا ہے، آپ نے دیکھا ہوگا کہ جب بھی بالخصوص خواتین کو جسمانی کم زوری محسوس ہوتی ہے اور وہ کسی طبیب سے رجوع کرتی ہیں تو سب سے پہلے ان کی آنکھوں کا معائنہ کیا جاتا ہے، کیوں کہ آنکھوں کی رنگت سے ہی جسم کے اندرونی نظام کا پتا لگایا جاتا ہے۔ اس طرح آنکھوں کے گرد حلقے اندرونی جسمانی خلفشار کا پتا دیتے ہیں۔


خواتین یاد رکھیں کہ سب سے پہلے تو آپ کو خوب صورتی کے ان دشمنوں سے نجات پانے کے لیے اپنی نیند اور پانی کی مقدارکا جائزہ لینا ہوگا، اور اس کی بڑھوتری کے لیے ایک عمدہ چارٹ بنانا ہوگا، ساتھ ہی اس چارٹ میں سلاد اور پھلوں کا روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ استعمال کا اندراج بھی کرنا ہوگا، اور پھر اس چارٹ پر آپ کو کم از کم تین ماہ عمل کرنا ہوگا جس سے آپ کو ان سیاہ حلقوں سے چھٹکارا پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس کے علاوہ اگر آپ کسی محفل میں جانا چاہتی ہیں تو ان سیاہ حلقوں کو چھپانے کے لیے سنگھار کی دنیا میں کنسیلر کا استعمال کیا جاتا ہے، بعض دفعہ، نفیس قسم کے میک اپ کے باوجود بھی یہ حلقے نمایاں ہوکر بہت بدنما لگتے ہیں۔ اسی لیے ماہرین حسن و آرائش کنسیلر کا استعمال کروا کر انہیں چھپا لیتے ہیں، پھر اس پر میک اپ کیا جاتا ہے اور چہرے کو حسین و جمیل بنایا جاتا ہے۔ کنسیلر لیکوئیڈ اور پاؤڈر فارم دونوں میں آتا ہے اور بہت سی کمپنیاں اسے بناتی ہیں۔ آپ کسی بھی اچھی کمپنی کا کنسیلر منتخب کرلیجیے، تاکہ چہرے کے ان بد نما داغوں سے وقتی طور پر نجات مل سکے۔ میک اپ بیس کے ساتھ کنسیلر لگانے سے اچھا تاثر ابھرتا ہے اور چہرہ خوب صورت لگتا ہے۔

سیاہ حلقوں والے چہرے پر کاجل اور مسکارے کا استعمال نہیں کرنا چاہیے ورنہ کاجل اور مسکارے کی کالک کی وجہ سے یہ سیاہ حلقے اور بھی زیادہ نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ اسی طرح غذائی چارٹ پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ آپ چند گھریلو ٹوٹکے بھی ان سیاہ حلقوں کو کم کرنے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔ کسی اچھی کمپنی کی آئی کریم،آئی بام یا آئی جیل میں سے کسی ایک کا روزانہ رات سونے سے پہلے ان حلقوں پر دھیما دھیمامساج کریں۔اس کے ساتھ دن میں کھیرا، ٹماٹر یا آلو کے گول قتلے کاٹ کر اپنی آنکھوں کے گرد رکھیں، یہ گول قتلہ اتنا بڑا ہو کہ وہ آپ کی آنکھوں کے ساتھ اس سیاہ حلقے کو بھی کور کر لے۔اور پھر اس قتلے کو آنکھوں پر رکھ کر لیٹ جائیں، جب تک اس کی نمی برقرار رہے، اسے لگا رہنے دیں۔

ان سیاہ حلقوں پر زیتون کے تیل میں شہد ملا کر مساج کرنے سے بھی خاطر خواہ نتائج دیکھنے کو ملتے ہیں۔ سرسوں کے تیل کا مساج بھی مفید رہتا ہے۔ یاد رہے کہ میک اپ ان سیاہ حلقوں سے نجات پانے کاایک وقتی سہارا ہے۔ ان سے مستقل نجات پانے کے لیے آپ کو اپنے غذا اور صحت کا خصوصی خیال رکھنا پڑے گا، ساتھ ہی اپنی آنکھوں اور اعصاب کو تھکن سے نجات دلانی ہوگی۔ جتنا آپ خود کو خوش اور فریش رکھیں گی، اتنا ہی آپ کے چہرے کی خوب صورتی اور شادابی میں اضافہ ہوگا اور سیاہ حلقوں سے نجات بھی مل جائے گی۔
Load Next Story