پنجاب میں حکومت سازی پی ٹی آئی اور ن لیگ میں نمبر گیم جاری

حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کو مسلم لیگ (ن) پر برتری حاصل ہے


ویب ڈیسک July 30, 2018
پنجاب اسمبلی میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 149 ارکان کی حمایت درکار ہے فوٹو: فائل

پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مطلوبہ تعداد میں ارکان کی حمایت کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران کئی آزاد ارکان پی ٹی آئی میں باقاعدہ شامل ہوچکے ہیں جب کہ پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے مزید چار ارکان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا دعویٰ کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سازی کے حوالے سے مزید آزاد ارکان کے ساتھ مکمل رابطے ہیں، آج رات تک پارٹی کے ارکان کی تعداد 140 ہوجائے گی۔

مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران پہلے ہی تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کرچکے ہیں اور وہ آج چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس طرح نمبر پورے کرنے کے اس گورکھ دھندے میں تحریک انصاف آگے نظر آتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں شہبازشریف سے خورشیدشاہ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان،اویس نورانی، شاہد خاقان عباسی، غلام احمد بلور، میاں افتخار، راجہ ظفرالحق، احسن اقبال، سعدرفیق اور مشاہد حسین سید بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں کسی بھی جماعت کوسادہ اکثریت کے لیے 149 ارکان کی حمایت درکار ہے، مسلم لیگ (ن) کے 129 ارکان جب کہ تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں