جماعت اسلامی نے حلف نہ لینے کی مولانا فضل الرحمان کی تجویز مسترد کردی

پارلیمان کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، سراج الحق


ویب ڈیسک July 30, 2018
حکومت کے کسی غیراسلامی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، امیر جماعت اسلامی فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسمبلیوں میں حلف نہ لینے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پارلیمان کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کےلیے جدوجہد کی، انتخابات کا بروقت ہونا خوش آئند ہے، ایم ایم اے نے باکردار قیادت عوام کے سامنے پیش کئے، جماعت اسلامی اور متحدہ عمل کے کارکنوں نے اعلی اخلاقی اقدار کے ساتھ عام انتخابات میں حصہ لیا، انتخابات میں تمام دینی جماعتوں کو 55 لاکھ ووٹ دیئے ہیں لیکن انتخابات سے قبل تمام ریاستی مشینری استعمال کرکے جو انتظامات کئے گئے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، ریاستی اداروں نے پولنگ ایجنٹوں کو باہرنکال کرووٹوں کی گنتی کی، دیر سے لے کر کراچی تک فارم 45 فراہم نہیں کیے گئے، حکمران اور ادارے اب خود کٹہرے میں جواب دہی کے لئے کھڑے ہیں اور غیرجمہوری طریقے سے جیتنے والے بھی شرمندہ ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ سیاست برائے سیاسی مخالفت پریقین نہیں رکھتے، ہم عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے جمہوریت کی تسلسل اور سول حکومت کے قیام کیلئے نئی حکومت کو کام کرنے دینا چاہتے ہیں، ہم پارلیمان کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ نئی حکومت اپنے 100 روزہ پروگرام پر عمل درآمد کرے، غیرملکی قرضوں سے نجات، سود اور مہنگائی کے خاتمے سے متعلق وعدوں پر عمل کے منتظر ہیں، حکومت کے کسی غیراسلامی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت ملک سے اخلاقی نظریاتی اور مالی کرپشن کا خاتمہ کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |