جیکب آباد میں سیاسی تصادم کے بعد شہر پر فوج کا کنٹرول

ن لیگ کی کال پرکاروباری مرکزبند،سول اسپتال کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں مزید15افراد زخمی ہوگئے

ن لیگ کی کال پرکاروباری مرکزبند،سول اسپتال کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں مزید15افراد زخمی ہوگئے فوٹو ایکسپریس نیوز

جیکب آباد کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر مبینہ دھاندلیوں کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی کال پر شہر کے کاروباری مرکز بند رہے۔

احتجاج کے دوران 2سیاسی گروہوں کے کارکنان کے درمیان تصادم فائرنگ کے نتیجے میں 15سے زائد افراد زخمی ہوگئے، فوج اور رینجرز کے اہلکاروں نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا، تفصیلات کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں اور ریٹرننگ افسر کے جانبدارانہ رویے کے خلاف ن لیگ کی کال پر شہر کی بیشتر کاروباری مراکز بند رہے، مسلم لیگ ن کی جانب سے این اے 208 سے نامزد امیدوار الٰہی بخش سومرو، پی ایس 13سے نامزد سردار منظور خان پنہور اور پی ایس 14 سے نامزد محمد اسلم ابڑو کے حامیوں کی بڑی تعداد نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کرلیا اور دھرنا دیا جو 5گھنٹے تک جاری رہا۔ ن لیگی کارکنوں سے پیچوہا پھاٹک کے قریب دکان بند کرانے پر تصادم ہوگیا، فریقین میں فائرنگ کے باعث 4افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا جس سے متعلق اطلاع پر ن لیگی کارکنان سول اسپتال روانہ ہوگئے،اس دوران سول اسپتال روڈ پر قائم پی پی کی ذیلی تنظیم سپاف کے دفتر کے باہر دوبارہ تصادم ہوگیا جس کے دوران فائرنگ سے مزید 11سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے، فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، اس دوران نامعلوم افراد نے سپاف کے دفتر میں موجود موٹرسائیکلوں اور دیگر سامان کو نذر آتش کردیا جبکہ نجی ٹی وی چینل کے کیمرا مین واحد نبی بھٹو کی موٹر سائیکل کو بھی جلادیا گیا، پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کرکے دونوں گروہوں کے افراد کو منتشر کیا ۔ایس ایس پی جاوید جسکانی اور ڈپٹی کمشنر فیاض جتوئی نے پاک فوج اور رینجرز کے اہلکاروں کو طلب کرلیا جنھوں نے موقع پر پہنچ کر شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کیا اور مختلف علاقوں میں اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔




بعدازاں ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد پریس کلب کے سامنے جاری دھرنے میں پہنچ گئی، اس موقع پر سابق نگراں وزیر اعظم محمد میاں سومرو، پی ایس 13پر ن لیگ امیدوار سردار منظور علی خان پنہور جبکہ ٹھل کے صوبائی حلقہ پی ایس 15پر فنکشنل لیگ کے امیدوار سردار ذوالفقار سرکی نے پریس کلب پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو پولنگ اسٹیشنوں پر پی پی امیدوارو نے دھاندلی کی، اب نتائج جاری نہ کرکے تشویش میں ڈال دیا ہے جس سے لگتا ہے کہ آراو ضلع انتظامیہ کی طرح مخالف پی پی امیدواروں کے ساتھ مل کر دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پی ایس 13کے نتائج کو نہیں مانتے اور عدالتی دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے پر امن کارکنان اپنے زخمی کارکنان کو سول اسپتال دیکھنے جارہے تھے کہ سپاف کارکنان نے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں شاہد علی، محمد امین، فاروق احمد، عبدالرحیم، لیاقت علی سمیت 15سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے جب تک انتظامیہ سپاف کارکنان کے خلاف کارروائی نہیں کرتی احتجاج ختم نہیں کریں گے ، ڈپٹی کمشنر فیاض جتوئی نے ن لیگ کی ضلع قیادت اور امیدواروں سے مذاکرات کرکے تمام مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرئی جس کے بعد پریس کلب کے سامنے سے احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔
Load Next Story