اپوزیشن رہنماؤں کا ’گرینڈ اپوزیشن الائنس‘ بنانے پراتفاق

پارلیمنٹ کے اندراور باہرمضبوط اپوزیشن کا کردارادا کریں گے، یوسف رضا گیلانی


ویب ڈیسک July 30, 2018
سینیٹرراجہ ظفرالحق کا الیکشن کمیشن کےعہدیداروں سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ - فوٹو: (ن) لیگ میڈیا پیچ

پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور متحدہ مجلس عمل سمیت دیگر اپوزیشن پارٹی کے رہنما 'گرینڈ اپوزیشن الائنس' بنانے پر متفق ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی بڑی پارٹیوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جن میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)، ایم ایم اے، اے این پی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق بات کی گئی اور آگے کا لائحہ عمل طے کیا گیا جب کہ ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا جس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں کیوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسے انتخابات نہیں ہوئے، عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن میڈیا میں کہیں بھی مظاہرے اوراحتجاج کی خبرنہیں آرہی، میڈیا پر پابندی کیوں لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم،اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کو یہ بات لکھ لینی چاہئے آج تک اس طرح متفقہ طور پر انتخابات کو رد نہیں کیا گیا۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی کےعلاوہ تمام جماعتیں متفق ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، عوام کا مینڈیٹ چرانے والے اداروں کو شرم آنی چاہئے جب کہ ہم مشترکہ جنگ لڑیں گےاوراس کے لیے اے پی سی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مشاورت ہورہی ہے اتفاق رائے میں وقت لگ سکتا ہے کیوں کہ ہر پارٹی نے اپنی رائے دے رکھی ہے جب کہ نمبر گیم پر کام کررہے ہیں جس کے لیے حکمت عملی بن رہی ہے اور سب کا حکمت عملی پر اتفاق رائے ضروری ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس کی مذمت کرتے ہیں تاہم پارلیمنٹ بہترین فورم ہے اس کومضبوطی سے تھامیں گے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مضبوط اپوزیشن کا کردارادا کریں گے اور تمام جماعتوں سے مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسے الیکشن کبھی نہیں دیکھے، جلد اے پی سی بلائی جائے گی۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن کےعہدیداروں سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں نے انتخابی عمل کو مسترد کیا، الیکشن کمیشن بے بس نظر آئے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے درخواست کی کہ دیگر جماعتوں کو بھی قائل کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں