اشتعال انگیز بیانات خطرناک ہیں سیاسی جماعتیں تحمل سے کام لیں نگراں وزیراعظم

پرامن انتقال اقتدارکیلیے نگراں حکومت سے تعاون کیاجائے،کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے

پاکستان کامستقبل روشن ہے،وسائل عوام کامعیار زندگی بہترکرنے کیلیے استعمال میں لایاجائے ،بیان،اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسو نے اشتعال انگیز بیانات کو ملکی سلامتی ،یکجہتی اور ہم آہنگی کیلیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں تحمل کا مظاہرہ کریں اور پرامن انتقال اقتدار کیلیے نگراں حکومت کیساتھ تعاون کریں۔

پیر کو وزیر اعظم سیکریٹریٹ سے جاری بیان میںوزیراعظم نے کہاہے کسی بھی سیاسی گروپ یا جماعت کی طرف سے ایسے بیانات جن سے تشدد بڑھے یا وفاق دشمن جذبات پیداہوںوہ خاص طور پر ہماری تاریخ کے اس اہم موڑ پر ہماری قومی ہم آہنگی کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں،انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سیاسی جماعتیں اور عوام ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرینگے اوربہترین جمہوری روایات کے مطابق منتخب نمائندوں کو اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔




انہوں نے کہا کہ تاریخی انتخابات پر وفاقی وصوبائی حکومتوں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، کسی کے پاس الیکشن کے دوران دھاندلی کے حوالے سے کوئی شکایات یا ثبوت ہیں تو وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے، کیونکہ وہی قانونی فورم ہے اور اس کے پاس شکایات کے ازالہ کیلیے میکنزم بھی موجود ہے۔ ادھر وزیراعظم میر ہزارخان کھوسو کی صدارت میں ملک کی اقتصادی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، مشیر خزانہ ڈاکٹرشاہدامجدچوہدری نے وزیراعظم کومعیشت میں بہتری کیلیے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل اور باصلاحیت انسانی وسائل سے مالا مال ہے جسے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور اپنی حقیقی استعداد کے مطابق اقتصادی سطح حاصل کرلے گا۔
Load Next Story