ڈیڑھ لاکھ سےزائدووٹ کاسٹ ہونیوالے حلقوں میں دوبارہ گنتی یا پولنگ کرائی جائےاعتزاز

اہلیہ انتخابات ہارگئیں جس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اس لئے سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفیٰ پارٹی کو بھجوارہاہوں،اعتزاز


ویب ڈیسک May 14, 2013
ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ حیران کن رہا، ملک کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر 100 جبکہ بعض پر 150 فیصد ٹرن آؤٹ دیکھا گیا، بیرسٹر اعتزاز احسن۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے الیکشن کمیشن کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد ووٹ کاسٹ ہونے والے حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی یا پولنگ کرانے کی تجویز دے دی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 سے ان کی اہلیہ انتخابات ہار گئیں جس کی وہ ذمہ داری قبول کرتے ہیں اس لئے وہ سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا رہے ہیں، پارٹی قیادت کی صوابدید ہے کہ وہ اسے قبول کریں یا نہ کریں۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ حیران کن رہا، ملک کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر 100 جبکہ بعض پر 150 فیصد ٹرن آؤٹ دیکھا گیا، لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 پر جہاں ان کی اہلیہ پیپلز پارٹی کی امیدوار تھیں ہار گئیں، حیرت کی بات ہے کہ اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے مخالف امیدوار نے ماضی میں کبھی 70 ہزار سے زائد ووٹ نہیں لئے لیکن اس بار وہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹ لے گئے۔ غیر سرکاری تنظیم فافن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے بعد انتخابی نتائج پر کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن کو آرٹیکل 103 اے اے کے تحت مناسب اقدام اٹھانےچاہئیں تاکہ شکوک کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں وہاں الیکشن کمیشن ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ پولنگ کرائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اگر نتیجہ ایک لاکھ بیس ہزار ووٹ کے مقابلے میں 7 ہزار کا آنا تھا تو وہ پہلے ہی پسپا ہوجاتے، کئی نتائج سے انہیں حیرت ہوئی۔ انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کہیں بھی عوام کے غیر معمولی ردعمل کا سامنا نہیں کرنا پڑا لاہور میں این اے 124 اور 130 پر تو حقیقی معنوں میں پلڑا برابر تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں