شام میں باغی فورسز میں شامل ایک شخص نے فوجی اہلکار کا دل چبا لیا
بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا ویب سائٹس پر گردش کرتی ویڈیو میں اس غیر اخلاقی اور انسانیت سوز حرکت کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں دکھائے گئے اس درندہ صفت شخص کا نام ابوسکر ہے جو عمر الفاروق بریگیڈ کا کمانڈر ہے، ویڈیو میں یہ شخص اپنے چاقو کی مدد سے شامی فوجی اہلکار کی لاش کا سینہ چیر کر اس کا دل باہر نکالتا ہے اور پھر اسے کھاتا ہے۔
شام میں باغی فورسز نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا اعادہ کیا ہے جب کہ انسانی حقوق کی تنظیم کے مشرق وسطیٰ میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم حوری نے کہا کہ باغی فورسز کی جانب سے صرف واقعے کی مذمت کردینا کافی نہیں ہے، باغی فورسز کو اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔