پنجاب میں حکومت بنانے کیلیے پی ٹی آئی نے مطلوبہ نشستیں حاصل کرلیں

پنجاب میں حکومت بنانے کیلیے 148 نشستیں ضروری ہیں پی ٹی آئی کے پاس نشستوں کی تعداد 152 تک جاپہنچی ہے


ویب ڈیسک August 01, 2018
پنجاب میں حکومت بنانے کیلیے 148 نشستیں ضروری ہیں پی ٹی آئی کے پاس یہ تعداد 152 تک جاپہنچی ہے (فوٹو: فائل)

پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف کو (ق) لیگ کی 8 اور 21 آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہوگئی جس کے بعد ان کی نشستوں کی تعداد 152 تک جاپہنچی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف اور ن لیگ میں رسہ کشی جاری ہے، مزید 3 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے جن میں پی پی 238 سے شوکت لالیکا، پی پی 97 سے اجمل چیمہ اور پی پی 106 سے ملک عمر فاروق شامل ہیں۔

عام انتخابات میں تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی 123 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ (ق) کی 8 اور 21 آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ اب تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 152 تک جاپہنچی ہے جبکہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے انہیں 148 ارکان کی حمایت درکار ہیں۔

پنجاب میں حکومت بنانے کا ایجنڈا لے کر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کی بیٹھک بھی لگی جس میں چوہدری پرویز الہیٰ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ طے پایا کہ وفاق میں بھی (ق) لیگ کو ایک وزارت اور وزیر مملکت کا عہدہ ملےگا۔

دوسری طرف مسلم لیگ (ن) بھی پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سابق حکمران جماعت نے عام انتخابات میں 129 نشستیں جیتیں، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے 6 اور ایک آزاد امیدوار نے (ن) لیگ کی حمایت کی ہے۔ ادھر رانا ثناء اللہ کا دعویٰ ہے کہ چوہدری نثار بھی (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے اس طرح مسلم لیگ کی نشستوں کی تعداد 137 بنتی ہے۔

دریں اثنا بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک رکن نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ جہانگیر ترین مزید ارکان اسمبلی کی پارٹی میں شمولیت کے لیے پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مزید لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونے آرہے ہیں یہ اسکور مزید آگے بڑھے گا، ہمارا نمبر گیم پورا ہورہا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں زیادہ لوگ ہمارے پاس ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں