ایف پی سی سی آئی توانائی بحران پر اجلاس بلائے گی زبیر ملک

حل تجویز کرکے رپورٹ نئی حکومت کو بھیجی جائیگی، ڈیمز کی تعمیر ضروری ہے


Business Reporter May 15, 2013
امید ہے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشی بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے، گلزار فیروز فوٹو: فائل

وفاق ایوانہائے صنعت وتجار ت پاکستان کے صدر زبیر احمد ملک نے نئی منتخب ہونے والی حکومت اور مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف کی جانب سے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے قومی پالیسی تشکیل دینے، عوام کو فوری ریلیف فراہم دینے کے لیے حکمت عملی تیار کیے جانے اور بجلی بحران پرقابو پانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر جیسے منصوبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں مثبت سوچ اور فوری طور پر چیلنجوں کاسامنا کرنا قابل تحسین عمل ہے۔

ملک میں توانائی بحران، امن وامان کی بدترین صورتحال کے باعث تجارتی و کاروباری سرگرمیاں منجمد ہونے سے مسائل کاانبار لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے توانائی بحران اوراس کے حل کے لیے باقاعدہ طورپر ایک سیشن کاانعقاد کیا جارہا ہے جس کی رپورٹ مرتب کی جائیگی اور رپورٹ کو نئی منتخب ہونے والی حکومت سمیت وزارت پانی وبجلی کو بھی ارسال کیا جائے گا تاکہ اسٹیک ہولڈرز کو توانائی بحران سے درپیش مشکلات اور اسکے سدباب کے لیے راستے کاتعین کیا جاسکے۔

زبیر ملک نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران کو دور کرنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر بے حدضروری ہے، ملک میں موجود پانی کے ذخائر کو استعمال کرتے ہوئے بجلی کی کمی کوپوراکیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی نمو میں بہتر نتائج کے لیے ضروری ہے کہ تمام صنعتوں، فیکٹریوں اورکارخانوں کو مستقل اور بلارکاوٹ توانائی فراہمی کی جائے۔



نائب صدر ایف پی سی سی آئی گلزارفیروز نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال تشویشناک ہے لیکن تاجروصنعتکاربرادری سمیت عوام کو امید ہے کہ نئی منتخب ہونے والی حکومت اپنی ٹیم کے ہمراہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی پہلو کواپناتے ہوئے پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے عوام نے بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپورحصہ لیا ہے جو روشن پاکستان کی جانب پہلا قدم ہے اور اس کے مثبت اثرات بہت جلد پورے ملک میں نمودار ہوں گے۔

نائب صدر شاہین الیاس سروانہ نے کہا کہ توانائی بحران کے باعث صنعتی پیداوار عمل بری طر ح متاثر ہو رہا ہے، بجلی کے بحران کی وجہ سے کارخانے بند ہو رہے ہیں، موسم گرما کے شروع ہوتے ہی ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں