یوم آزادی آج جوش و جذبے سے منایا جائیگا پبلک مقامات پر 9ہزار اہلکار تعینات

مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی، گورنر،وزیراعلیٰ،وزرا مزار قائد پر حاضری دیں گے.

گورنر،وزیراعلیٰ،وزرا مزار قائد پر حاضری دیں گے،شہدا کو21توپوں کی سلامی دی جائیگی،عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے۔ فوٹو پی پی آئی

ISLAMABAD:
پاکستان کا یوم آزادی آج (منگل) کراچی سمیت ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوگا،صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے، اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کرکے تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش کرنے والوںکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ،وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومت میں 21توپوں کی سلامی دی جائے گی ،

شہر کی اہم سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورت برقی قمقموں اورجھنڈیوں سے سجا کر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں، شہر بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی،اخبارات و رسائل یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع کریں گے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز جشن آزادی کے خصوصی پروگرامز پیش کریں گے، مزار قائد پر جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح ساڑھے آٹھ بجے ہوگا ،مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سندھ کابینہ کے ارکان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ محمد حسین سید مزار قائد پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے،

اس موقع پر سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کریں گے ،جشن آزادی کے حوالے سے شہر بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوگا ،صبح دس بجے سوک سینٹر کے سبزہ زار میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوگی ،اس موقع پر بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید سینئر افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کریں گے، پولیس ترجمان کے مطابق پبلک مقامات پر 9 ہزار اہلکارتعینات کیے گئے ہیں، صوبائی وزیرفیصل سبزواری شام چار بجے آرٹس کونسل میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کریںگے ،جماعت اہلسنت کے تحت آج مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کے استحکام ، خوشحالی، ترقی، امن و سلامتی کیلیے دعائیں کی جائیں گی،


یوم آزادی کے موقع پر شہدائے آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے علمائے کرام آئمہ مساجد ، خطبا اجتماعات سے خطاب کریں گے،مرکزی جمعیت علمائے پاکستان و انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان محبت پاکستان کے طور پر انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی و قومی جذبے کے تحت منایا جائے گا ، وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس میں صبح سات بجکر پچپن منٹ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی،خادمین ملت پاکستان کا وفد صغیرعلی صدیقی کی قیادت میں جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دے گا ، خادمین ملت کے تحت شہدائے آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے جلسہ بھی منعقد ہوگا ،

دریں اثنا سندھ کے وزیر برائے امور نوجوانان سید فیصل علی سبزواری نے کہا ہے کہ ملک قائد اعظم کی امانت ہے جس کے پاسبان نوجوان ہیں،آج کے نوجوان کل کے حکمراں ہوں گے، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ہم نے حقوق کے حصول کے لیے یہ ملک حاصل کیا اور آج عوام کو حقوق دینے کی ضرورت ہے ،جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ملک کی حیثیت سے آزاد ہوا پاکستان کا مستقبل نظام مصطفی کے عملی نفاذ سے ہی محفوظ ہوگا،

مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم،جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی ، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم،جمعیت علمائے اسلام (س) سندھ کے جنرل سیکریٹری مفتی محمد عثمان یارخان، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا کہ آزادی کے مقاصد اس وقت پورے ہوں گے جب تمام طبقات کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے ۔

Recommended Stories

Load Next Story