ٹریفک جام سے متعلق آگہی پولیس کا ایس ایم ایس الرٹس سروس شروع کرنیکا فیصلہ

پولیس کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کیلیے 88.8 فریکوئنسی مختص کر دی گئی ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ ٹریفک کے حوالے سے شہریوں کو ایس ایم ایس الرٹس کیلیے مختلف موبائل فون کمپنیز اور سروس پروائیڈرز سے رابطہ کیا جائے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

ای پولیسنگ کے تحت ٹریفک پولیس کی نگرانی میں ایف ایم ریڈیو اسٹیشن اورایس ایم ایس الرٹس سروس کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔

ان سہولتوں سے شہریوں کو ٹریفک جام متبادل روٹس اور دیگر وجوہات کے باعث ٹریفک کی روانی میں تعطل سے متعلق آگاہی دی جائے گی، یہ بات آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ایک اجلاس میں بتائی گئی۔


آئی جی سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ ٹریفک کے حوالے سے شہریوں کو ایس ایم ایس الرٹس کیلیے مختلف موبائل فون کمپنیز اور سروس پروائیڈرز سے رابطہ کیا جائے، اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ ریڈیو سروس رہنمائی کے ساتھ ساتھ کراچی پولیس کی کارکردگی کے علاوہ سیر و تفریح ، تبصروں، انٹرویوز وغیرہ پر مشتمل پروگرام بھی نشر کریگا، اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ ایس ایم ایس الرٹس سہولت کے تحت شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے معلومات اور محکمہ موسمیات سے حاصل رپورٹس سے آگاہ کیا جائیگا۔



اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کیلیے 88.8 فریکوئنسی مختص کر دی گئی ہے لیکن تاحال کچھ امور کی عدم تکمیل سے سروس کا آغاز نہیں کیا جا سکا ہے،آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ پی ٹی اے سے رابطہ کر کے فریکوئنسی امور کو حتمی شکل دی جائے اور ٹریفک ہیلپ لائن915 کی کارکردگی کو مذید موثر بنایا جائے، ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کی کارکردگی کی بہتری کیلیے ہیلپ لائن 915 پر شہریوں کی کالز پر مشتمل معلومات ایف ایم ریڈیو سے نشر کرنے کے اقدامات کیے جائیں،FM ریڈیو سروس مکمل طور پر نان کمرشل ہو گی۔
Load Next Story