پاکستانی نژاد ماجد حق اسکاٹ لینڈ کی امیدوں کا محور

ون ڈے میچز میں آل راؤنڈر کی مدد سے گرین شرٹس کو گھیرنے کی کوشش ہوگی۔


Sports Desk May 15, 2013
ون ڈے میچز میں آل راؤنڈر کی مدد سے گرین شرٹس کو گھیرنے کی کوشش ہوگی۔ فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد ماجد حق اسکاٹ لینڈ کی امیدوں کا محور بن گئے، آل راؤنڈر کی مدد سے گرین شرٹس کو گھیرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ماجد کا کہنا ہے کہ ہم ون ڈے میں بڑی ٹیم کو زیر کرنے کا بڑا خواب پورا کرنے کیلیے پُرامید ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رانا ماجد حق خان کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے مگر وہ اسکاٹ لینڈ میں ہی پیدا ہوئے، ماجد لیفٹ ہینڈ بیٹسمین اور آف اسپن بولر بھی ہیں، انھوں نے 17 برس کی عمر میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی شروع کی، وہ اب تک 34 ون ڈے میچز کھیل چکے جن میں انھوں نے 18.08 کی ایوریج سے 452 رنز بنائے۔ وہ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 41 وکٹوں کا جان بلین کا ریکارڈ بھی برابر کرچکے جسے اب توڑنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔ انھیں پاکستان کے خلاف دو ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔



اسکاٹ سائیڈ پاکستانی نژاد آل راؤنڈر پر گرین شرٹس پر کامیابی کیلیے کافی انحصار کررہی ہے، خود ماجد بھی اس معرکے کیلیے کافی پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم گذشتہ برس ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کرچکے اب ہماری اگلی منزل ون ڈے میں کسی بڑی ٹیسٹ ٹیم کو زیر کرنا ہے، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہمارا سامنا دنیا کی انتہائی بہترین پاکستانی سے ہے، البتہ یہ ہمارے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ ہم دنیا کو دکھا دیں کہ کسی بھی لیول پر بھرپور مقابلہ کرسکتے ہیں، میں خود بہترین سائیڈز کے خلاف چیلنجز کو پسند کرتا ہوں، سعید اجمل کے ساتھ کھیلنا میرے لیے بہت بڑا تجربہ ہوگا، میں بعد میں ان سے کچھ مشورے بھی لوں گا، وہ دنیا کے بہترین اسپنر ہیںاور میں ان سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔