اظہرمحمود نے آسان فتح کنگز الیون کے نام کردی

رائل چیلنجرز بنگلور کیخلاف 2 وکٹیں اور ففٹی، گلکرسٹ کے 85 رنز، چنئی کی جیت


Sports Desk May 15, 2013
آئی پی ایل: کنگز الیون پنجاب کے پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود چوکا لگارہے ہیں، رائل چیلنجرز بنگلور کیخلاف انھوں نے نصف سنچری بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں اظہرمحمود کی آل راؤنڈ پرفارمنس نے آسان فتح کنگزالیون پنجاب کے نام کر دی۔

رائل چیلنجرز بنگلور کو7وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، سابق پاکستانی اسٹار نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد41 گیندوں پر61 رنز کی طوفانی اننگز بھی کھیلی،مین آف دی میچ کپتان ایڈم گلکرسٹ نے ناقابل شکست 85رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق میزبان رائل چیلنجرز بنگلور نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹ پر 174رنز اسکور بورڈ پر سجائے، ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل 77 رنز بٹورنے میں کامیاب رہے، کپتان ویرت کوہلی نے بھی57 رنز اسکور کیے، پرویندر اوانا نے3 اور اظہر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔



کنگز الیون پنجاب کے کپتان گلکرسٹ اور اظہر کی عمدہ شراکت میں بننے والے 118رنز ٹیم کی کامیابی میں اہم ثابت ہوئے، اظہر 41 گیندوں پر 61رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، انھوں نے 8 مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کی سیرکرائی جبکہ ایک چھکا بھی جڑا، گلکرسٹ نے 85 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے 10 چوکے اور 3 چھکے لگائے، ٹیم نے ہدف 18.1 اوورز میں 3وکٹ پر حاصل کرلیا، میچ میں امپائرنگ کا معیار خاصا خراب رہا اورکرس گیل وگلکرسٹ کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی کئی پُراعتماد اپیلز مسترد ہوئیں۔

قبل ازیں پہلے میچ میں چنئی سپرکنگز نے دہلی ڈیرڈیولزکو33رنز سے ہرا دیا، فاتح ٹیم نے 4وکٹ پر 168 رنز جوڑے، کپتان دھونی نے 58 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دہلی ڈیرڈیولز کی ٹیم9 وکٹ پر135 رنز ہی بنا پائی ، ڈیوڈ وارنر کے 44رنز نمایاں رہے، البائی مورکل نے 3 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔