روم ماسٹرز ووزینسکی ناکامیوں کے بھنور میں پھنس گئیں

پہلے ہی راؤنڈ میں شکست، ایناایوانووک بھی ابتدا میں ناکام ، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے


AFP/Sports Desk May 15, 2013
روم ٹینس: ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی سرب حریف بوجانا کیخلاف فور ہینڈ شاٹ کھیل رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سابق ورلڈ نمبرون کیرولین ووزینسکی ناکامیوں کے بھنور میں پھنس گئیں، ڈینش اسٹار کا میڈرڈ کے بعد روم ماسٹرزمیں بھی پہلے ہی راؤنڈ میں قصہ تمام ہوگیا۔

ایناایوانووک بھی ابتدا میں ناکام ہوگئیں، سربیا کی بوجانا جووانوسکی نے انھیں ٹھکانے لگایا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق عالمی نمبرون کیرولین ووزینسکی کے ستارے بدستور گردش میںہیں، میڈرڈ کے بعد روم ماسٹرزمیں بھی وہ پہلے ہی راؤنڈ میں ناکام رہیں، سربیا کی بوجانا جووانوسکی نے ڈینش اسٹار کو 2-6،6-4 اور 7-6(7/5) سے ٹھکانے لگادیا، رواں کلے کورٹ سیزن میں اب تک ووزینسکی کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہیں، ورلڈ نمبر48 سرب پلیئر بوجانا نے تین گھنٹے کی بھرپور جدوجہد کے بعد 10 سیڈکیخلاف کامیابی حاصل کی۔

بلغراد سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ بوجانا نے رواں برس آسٹریلین اوپن کے بعد پہلی فتح اپنے نام کی، اس سے قبل دونوں باہمی میچزمیں ووزینسکی نے بوجانا کو مات دی تھی، اس بار 6 ڈبل فالٹس اور 7مرتبہ سروس ہارنا ڈینش اسٹار کو لے ڈوبا،12 سیڈ روس کی ماریا کریلنکو نے اسپینش حریف انابیل میڈینا گوریجس کو باآسانی 6-3، 6-3 سے مات دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی، جرمنی کی جولیا گوریجس نے جمہوریہ چیک کی آندریا ہیلکووا کو ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود زیر کرلیا، ان کی جیت کا اسکور 2-6، 6-4 اور 6-4 رہا، امریکی پلیئر وارویرا لیپچنکو نے یوکرین کی لیزیا ٹی سورنیکو کو 6-4، 6-2اور اطالوی کھلاڑی روبریٹا ونسی نے روسی حریف الینا ویسنینا کو 6-7، 7-5 اور 6-4 سے شکست دی۔



سلواکیہ کی ڈومنیکا سبولکووا نے فرنچ پلیئر کرسٹینا مالدوینک کو 1-6 ،6-2 اور 6-2 جبکہ چین کی ژی جینگ نے جمہوریہ چیک کی میگدیلینا ریبریکووا کو 7-6، 6-3 سے مات دی، امریکا کی کرسٹینامیک ہیل نے کیرن کینپی کو 7-5، 6-2 سے ہرایا،یانیا وکمائر نے کرسٹن فلپکنز کو 6-4 ،6-0 سے قابو کیا، اینا ایوانووک کو پولینڈ کی ارسزیلا ریڈوانسکا نے 6-3، 2-6 اور 6-2 سے قابو کیا، امریکا کی سلونی اسٹیفنز نے فلاویا پنیٹا کیخلاف 6-3، 6-3 سے جیت کو اپنا مقدر بنایا۔سیکنڈ راؤنڈ میں 8 سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹراکیوٹوا نے سبائن لیسکی کا قصہ 4-6، 6-0 اور 7-5 سے تمام کردیا۔ دوسری جانب مینز سنگلز کے سیکنڈ راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ اور دو مرتبہ کے چیمپئن نووک جوکووک نے البرٹ مونتانیز کیخلاف 6-2، 6-3 سے کامیابی حاصل کرلی، فرنچ پلیئر رچرڈ گیسکوئٹ نے بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف کو 6-4، 6-4 سے ہرایا۔

فرسٹ راؤنڈ مقابلوں میں روسی پلیئر میخائل یوزنی نے جرمنی کے 13 سیڈ ٹامی ہاس کو 6-4، 6-3 سے ہرا دیا، 35 سالہ ہاس نے گذشتہ دنوں میونخ کلے ٹائٹل جیت کر فرنچ اوپن کیلیے اپنے امکانات روشن کیے تھے لیکن حالیہ شکست سے یقینی طور پر انھیں دھچکا پہنچے گا، وہ گذشتہ ہفتے میڈرڈ ماسٹرز کے بھی تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے، اسپین کے فرنانڈور ورڈاسکو نے ارجنٹائنی پلیئر ہورسیا زیبالوس کوتین سیٹ کے مقابلے میں مات دی، ان کی فتح کا اسکور6-3، 3-6 اور 6-3 رہا، فرانس کے جیریمی شارڈے کو بھی فتح پانے کیلیے اسپینش حریف فلکیانو لوپز کیخلاف تین سیٹ تک جدوجہد کرنا پڑی، ان کی جیت کا اسکور 3-6، 7-5 اور 7-6(7/4) رہا، وکٹر ٹروسکی نے لوکاس روسول کو 3-6، 6-1 اور 6-4 سے زیر کیا، فرنچ پلیئر جولین بینیٹو نے 12 سیڈ نکولس الماگرو کو 7-6، 6-4 سے مات دی، جائلز سیمون نے فلیپو ولیندری کو 6-3،2-6 اور 6-4 سے ٹھکانے لگایا، فلپ کوہل شریبر نے میلوس راؤنک کیخلاف 7-6، 6-4 سے کامیابی پائی جبکہ جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے اٹلی کے پاؤلو لورینزی کو 6-2،6-4 سے قابو کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔