یوسف رضا گیلانی اور اویس ٹپی بھی نیب کے شکنجے میں 

یوسف رضا گیلانی پرکرپشن ریفرنس دائر، اویس ٹپی کیخلاف تحقیقات کی منظوری

تحقیقات کی منظوری چیئرمین نیب کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر اہم شخصیات کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان ،سابق آئی پی او محمدسلیم، سابق کمپنی سیکریٹری یونیورسل سروس فنڈ سید حسن شیخ کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔


نیب نے سی ای او میسرز مڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ انعام اکبر اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر افسران، اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائزہ استعمال،غیرقانونی طورپر میسرز مڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹھیکہ دینے کاالزام ہے، اختیارات کے ناجائزہ استعمال سے قومی خزانے کو 128.07 ملین روپے کانقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: شوکت عزیز اور لیاقت جتوئی کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری

نیب ایگزیکٹوبورڈ نے سابق وزیرلوکل گورنمنٹ سندھ اویس مظفرٹپی کے خلاف 4 مختلف کیسز کی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جب کہ ساتھ ہی سابق چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمدعباس، سابق سیکرٹری لینڈیوٹیلائزیشن سندھ غلام مصطفی کے خلاف بھی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی، ملزمان پراختیارات کا ناجائزہ استعمال کرتے ہوئے ملیر ریور کی سینکڑوں زمین کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کاالزام ہے۔

نیب ایگزیکٹوبورڈ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران، اہلکاروں ،نیسپاک کی انتظامیہ ودیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور اورینج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ میں بدعنوانی کاالزام ہے جب کہ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی منظور قادرکاکا ودیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
Load Next Story