
علی عباس ظفر کی ہدایتکاری میں بننے والی بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم 'بھارت' کی شوٹنگ شروع ہوگئی تھی لیکن اچانک فلم کی مرکزی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فلم چھوڑنے کا اعلان کردیا جس پر فلم میکرز حیران ضرور ہوئے مگر انہوں نے فوری طور پر پریانکا کی جگہ کترینہ کیف کو کاسٹ کرلیا اور سلو میاں نے انہیں اپنے مخصوص انداز میں ویلکم بھی کیا۔
سلمان خان نے کترینہ کیف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک حسین لڑکی جس کا نام کترینہ کیف ہے، '' بھارت کی زندگی میں سواگت ہے''۔ اُن کے اس بیان کے بعد کترینہ بھی خاموش نہ رہیں اور فلم میں شامل ہونے پر بڑا ردعمل دے ڈالا۔
Ek sundar aur shusheel ladki jiska Naam hai Katrina Kaif .... Swagat hai aapka #Bharat ki zindagi mein ... pic.twitter.com/XDVyiNCPBI
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) July 30, 2018
کترینہ کیف نے کہا کہ میں اپنے لئے جس بھی کردار کا انتخاب کرتی ہوں وہ فلم کے اسکرپٹ پر انحصار کرتا ہے کہ فلم میں میرا کردار کس نوعیت کا ہے جب کہ اس ٹیم کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور اس حوالے سے ہدایتکار علی عباس کی جانب سے مجھے کال موصول ہوئی اور انہوں نے مجھے کہا کہ وہ فلم کا اسکرپٹ بھیج رہے ہیں۔
کترینہ نے مزید کہا کہ جب میں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا تو مجھے احساس ہوا کہ یہ ایک بہترین اسکرپٹ ہے جس میں اپنے کردار کو لیکر خاصی پر اُمید بھی ہوں یہی وجہ ہے کہ میں اس فلم کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کرتی ہوں اور کافی خوش بھی ہوں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا کی سلمان خان کی فلم 'بھارت' میں کام کرنے سے معذرت
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم 'بھارت' میں کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی کے علاوہ دیشا پٹانی، تبو، سنیل گروور بھی شامل ہیں جب کہ فلم 2019ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔