منی لانڈرنگ اسکینڈل میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو تیسرا نوٹس جاری

ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپورکو 4 اگست کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک August 01, 2018
آصف زرداری اورفریال تالپور11اور 28 جولائی کو طلبی کے باوجودپیش نہیں ہوئے تھے ۔ فوٹو : فائل

JAKARTA: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں آصف زرداری اور فریال تالپور کوتیسرا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 4 اگست کوطلب کرلیا۔

اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور کو ایک ماہ میں طلبی کا تیسرا نوٹس جاری کردیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیے جانے والے حالیہ نوٹس میں پیپلزپارٹی کے دونوں رہنماؤں کو 4 اگست کو پیش ہونے کے لئے اسلام آباد طلب کیا گیا ہے، اس سے پہلے دونوں رہنماؤں کو 11 اور 28 جولائی کو طلب کیا گیا تھا تاہم دونوں رہنما ان تاریخوں پر پیش نہیں ہوئے جب کہ اس مرتبہ ایف آئی اے نے کراچی کے بجائے انہیں اسلام آباد طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی اور اویس ٹپی بھی نیب کے شکنجے میں


دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سابق سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فاروق اعوان ،سابق آئی پی او محمدسلیم، سابق کمپنی سیکریٹری یونیورسل سروس فنڈ سید حسن شیخ کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

نیب نے سی ای او میسرز مڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ انعام اکبر اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر افسران، اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائزہ استعمال،غیرقانونی طورپر میسرز مڈاس پرائیویٹ لمیٹڈ کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹھیکہ دینے کاالزام ہے، اختیارات کے ناجائزہ استعمال سے قومی خزانے کو 128.07 ملین روپے کانقصان پہنچا۔

اویس مظفرٹپی کیخلاف 4 مختلف کیسز کی انویسٹی گیشنز کی منظوری


نیب ایگزیکٹوبورڈ نے سابق وزیرلوکل گورنمنٹ سندھ اویس مظفرٹپی کے خلاف 4 مختلف کیسز کی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی جب کہ ساتھ ہی سابق چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمدعباس، سابق سیکرٹری لینڈیوٹیلائزیشن سندھ غلام مصطفی کے خلاف بھی انویسٹی گیشنز کی منظوری دی، ملزمان پراختیارات کا ناجائزہ استعمال کرتے ہوئے ملیر ریور کی سینکڑوں زمین کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کاالزام ہے۔

نیب ایگزیکٹوبورڈ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران، اہلکاروں ،نیسپاک کی انتظامیہ ودیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور اورینج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ میں بدعنوانی کاالزام ہے جب کہ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کراچی منظور قادرکاکا ودیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

واضح رہے فریال تالپور مقدمے میں نامزدگی کے بعد بینکنگ کورٹ سے ضمانت پرہیں، انہوں نے اپنی عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرائے تھے اور 6 اگست تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں