پیمرا کا دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلیے رقم کا عطیہ

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے افسران نے دودن اور بقیہ ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے


ویب ڈیسک August 01, 2018
چیئرمین پیمرا سلیم بیگ، چیف جسٹس آف پاکستان کو عطیہ کردہ رقم کا چیک پیش کررہے ہیں، فوٹو: ایکسپریس

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے رقم کا عطیہ دیا ہے۔

پیمرا کے چیئرمین سلیم بیگ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو عطیہ کردہ رقم کا چیک پیش کیا جس میں پیمرا کے افسران نے اپنی دو دن اور بقیہ ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کی ہے۔

اس موقع پر جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پیمرا اس ضمن میں تمام ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو اور کیبل نیٹ ورکس کے ذریعے عوامی پیغامات نشر کرنے کے عمل کو یقینی بنارہی ہے تاکہ عوام میں شعور بیدار ہوسکے کہ وہ اس قومی مشن کے لیے دل کھول کر عطیات دے سکیں۔

اس سے قبل ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کردہ فنڈ میں پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اوربری افواج کے افسران اپنی دو روز اور سپاہی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرچکے ہیں جب کہ حکومتِ خیبرپختونخوا اور سپریم کورٹ کا عملہ بھی اس فنڈ میں رقم عطیہ کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں جاری پانی کے بحران کو حل کرنے کے لیے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کئی بار نئے ڈیموں کی تعمیر پر زور دیا، اس کے بعد انہوں نے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے کے عطیے کے ساتھ ملک میں دو نئے ڈیموں کے لیے فنڈ کا آغاز کیا جب کہ عوام سے انفرادی اور اجتماعی طور پر اس فنڈ میں رقم عطیہ کرنے کی درخواست بھی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں