ن لیگ کی فنکشنل کووفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت

پیر پگارا سے مسلم لیگ(ن)کے رہنماؤں کی انتخابات کے بعدکی صورتحال پرگفتگو


Staff Reporter May 15, 2013
عوام نے انتخابات میں ہم پرجس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہر ممکن پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی، سربراہ ن لیگ کی ارکان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا صبغت اللہ شاہ راشدی پیرپگارا سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر چوہدری جعفراقبال، لیاقت جتوئی اور سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رانامشہود نے منگل کو راجاہائوس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں مرکز میں حکومت سازی اور پارلیمنٹ میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مسلم لیگی وفد نے پیرپگارا کو مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں نوازشریف کا خصوصی پیغام پہنچایا اور انھیں وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔ ملاقات میں مسلم لیگ(ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیازاحمد شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانامشہود نے کہاکہ پیرپگارا سے ملاقات میں انتخابات کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور ہم نے میاں نوازشریف کی جانب سے انھیں دعوت دی کہ مسلم لیگ فنکشنل وفاقی حکومت میں شامل ہو۔

انھوں نے کہاکہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی سے یہ ثابت ہوگیاکہ عوام ملک میں تبدیلی چاہتے تھے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ(ن) حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی۔ اس موقع پر سینیٹرچوہدری جعفراقبال نے کہاکہ ہم میاں نوازشریف کی ہدایت پر سندھ آئے ہیں اور پیر پگارا سے ملاقات کے بعد پیپلزمسلم لیگ کے سربراہ ڈاکٹرارباب رحیم اور دیگراتحادی جماعتوں سے رابطہ کیاجائے گا۔ انھوں نے الزام لگایاکہ سندھ میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی ہے اور عوام کا مینڈیٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کے نتائج راتوںرات تبدیل کیے گئے۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ جن حلقوں میں دھاندلی کی گئی ہے اس کے شواہد جمع کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں