بینک مارکیٹ میںنئے نوٹوںکے بنڈل جاری نہ کریںایس بی پی

اسٹیٹ بینک کے مطابق عوام کو بینکوں کی طرف سے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کی نگرانی کیلیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں.

بینک مارکیٹ میںنئے نوٹوںکے بنڈل جاری نہ کریں،ایس بی پی (فوٹو : ایکسپریس)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں بنڈل (10پیکٹس) اور ایک ہی سیریل کے 5 پیکٹس کی صورت میں فروخت ہوتے ہوئے پائے گئے تو بینکوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، یہ جرمانہ بینکوں پر فی بنڈل (10 پیکٹس) ایک لاکھ روپے اور فی 5 پیکٹس (سیریل میں ) 50 ہزار روپے کے حساب سے عائد ہو گا۔


گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ایک سرکلر کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے فیلڈ آفسز کی طرف سے انہیں چھوٹی مالیت (10 سے 100 روپے تک) کے جو نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے ہیں وہ ان کے بنڈل جاری نہ کریں کیونکہ یہ بنڈل مارکیٹ میں اضافی رقم کے عوض فروخت کیے جا سکتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق عوام کو بینکوں کی طرف سے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کی نگرانی کیلیے ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ آفسز کی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، اسٹیٹ بینک کی ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ایس بی پی بی ایس سی کی توثیقی ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو مجوزہ طریقہ کار کے تحت بینکوں کی برانچوں اور والٹس (vaults) کا دورہ کریں گی، اسٹیٹ بینک نے یہ اقدامات مارکیٹ میں نئے کرنسی نوٹوں کی اضافی قیمت پر فروخت روکنے کیلیے کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے بینکوں سے کہا وہ اس کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

Recommended Stories

Load Next Story