پشاور کینٹ مجسٹریٹ کی غیر قانونی تجاوزات کیخلاف کارروائی

دوران کارروائی 400 دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کردیا۔


احتشام خان August 02, 2018
دوران کارروائی 400 دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کردیا۔ فوٹو: ایکسپریس

کینٹ مجسٹریٹ مس وزیر نے علی الصبح غیر قانونی تجاوزات مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 400 دکانوں کے باہرغیر قانونی تجاوزات کو مسمار کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کینٹ مجسٹریٹ مس وزیر نے صدر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے پہلے مرحلے میں انفورسمنٹ اسٹاف کے ہمراہ پشاور صدر کے پوش علاقے شفیع مارکیٹ کا دورہ کیا اور 400 دکانوں کے باہر قائم کئے گئےغیر قانونی تجاوزات کو بھاری مشینری کے زریعے مسمار کرکے بازار کو تجاوزات سے پاک کردیا۔



تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بازار کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کی گئی۔

کینٹ انتظامیہ کے مطابق صدر و ملحقہ بازاروں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف اپریشن مختلف اوقات میں بدستور جاری رہے گا اور اس کے علاوہ کسی کو بھی دکانوں کے باہر کسی قسم کی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں ہے، جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



اس سے قبل کینٹ مجسٹریٹ مس وزیر کی جانب سے دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے کے لیے متعدد نوٹس دیے گئے اور انہیں تمام غیر قانونی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے وقت بھی دیا گیا لیکن بازار کے یونین اور دکانداروں نے سنی ان سنی کردی جس پر آج کارروائی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔